پاکستان کی ایک اور جیت، بابر کا نیا عالمی ریکارڈ

پاکستان نے چوتھے ون ڈے میچ میں بابر اعظم کی عمدہ سینچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو 102 رنز سے ہرا دیا۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا جمعے کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ کے دوران سنچری بنانے کے بعد رد عمل۔(اے پی)

پاکستان نے جمعے کو کراچی میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میچ میں کپتان بابر اعظم کی عمدہ سینچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو 102 رنز سے ہرا دیا۔

آج نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوئے میچ کی خاص بات بابر کا ون ڈے فارمیٹ میں تیز ترین پانچ ہزار رنز بنانا تھا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 334 رنز بنائے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 233 کے مجموعی سکور پر ڈھیر ہو گئی اور اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی رینکینگ میں سر فہرست ہو گئی۔ 

28 سالہ بابر نے جنوبی افریقہ کے بیٹر ہاشم آملہ سے یہ ریکارڈ اس وقت چھینا، جب انہوں نے اپنے 99 ون ڈے میچوں کی 97ویں اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔

آملہ نے یہ اعزاز 104 میچوں کی 101ویں اننگز میں حاصل کیا تھا۔

بابر ون ڈے فارمیٹ میں پانچ ہزار رنز بنانے والے 14ویں پاکستانی بلے باز ہیں۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز انضمام الحق کے 11،701 ہیں.

مہمان ٹیم نے آج نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے دو مقابلوں میں پاکستان کے لیے سینچریاں سکور کرنے والے اوپنر فخر زمان آج زیادہ پرفارم نہ کر سکے اور ساتویں اوور میں محض 14 رنز بنا کر میٹ ہینری کی گیند پر وکٹ کیپر ٹام بلنڈل کو

کیچ دے بیٹھے۔

دوسری وکٹ پر شام مسعود اور کپتان بابر نے اچھی شراکت داری دکھائی اور سکور کو 86 پر لے گئے، لیکن شان 17ویں اوور میں 44 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

دوسرے اینڈ پر موجود بابر نے اپنی روائتی کلاس کی اننگز جاری رکھی اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے ساتھ سکور کو 128  پر پہنچایا۔

اس موقعے پر رضوان 24 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ ان کے جانے کے بعد آغا سلمان نے بابر کا خوب ساتھ دیا۔

بابر نے اس میچ میں اپنی 17ویں ون ڈے سینچری بنائی۔ دونوں بلے بازوں کی شراکت داری سے پاکستان مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔

آئی سی سی رینکنگ میں پچھلے دو سال سے اول نمبر پر براجمان بابر نے آج 10 چوکے لگائے۔ وہ 48ویں اوور میں ڈیبیو کرنے والے بین لسٹر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

پاکستانی اننگز کے آخری اوورز میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے محض سات گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 23 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔

پاکستان نے آج آخری 10 اوورز میں 94 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ہینری نے 65 رنز دے کر تین، جبکہ لسٹر اور ایش سودھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

335 رنز کے تعاقب میں مہمان ٹیم کا آغاز زیادہ متاثر کن نہیں تھا اور اس کے دونوں اوپنر ول ینگ (15 رنز) اور بلنڈل (23 رنز) نویں اوور میں پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد ڈیرل مچل اور ٹام لیتھم نے اننگز کو سنبھالا اور محتاط انداز اختیار کرتے ہوئے 25 اوورز میں مجموعی سکور 2/123 تک پہنچا دیا۔

اس موقعے پر مچل 34 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر شاہین آفریدی کو کیچ دے بیٹھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مچل کے آؤٹ ہونے پر ان فارم مڈل آرڈر بیٹر مارک چیمپین نے لیتھم کے ساتھ مل کر رنز بنانے کی رفتار کو تیز کیا۔ 

دونوں بلے بازوں نے 38 گیندوں پر 50 رنز کی شراکت داری دکھائی، جس میں لیتھم کے 13 اور مچل کے 37 رنز شامل تھے۔

اس شراکت داری نے پاکستان کی میچ پر گرفت کمزور دکھائی دینے ہی لگی تھی کہ شاہین آفریدی نے لیتھم کو محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا دیا۔

لیتھم نے 76 گیندوں پر 60 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو میچ میں بنائے رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا.

نیوزی لینڈ کو 14 اوورز میں 132 رنز چاہیے تھے جب چیپمین بھی اسامہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے، جس کے بعد مہمان ٹیم کے میچ میں واپسی کے امکانات ختم ہونے لگے۔

چیپمین نے 33 گیندوں پر 44 رنز بنائے، جس میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

پاکستان کی طرف سے اسامہ میر نے 43 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ محمد وسیم جونئیر نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

حارث رؤف دو اور شاہین آفریدی صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ