کرکٹ قوم کو قریب لاتی ہے: سربراہ کرکٹ آسٹریلیا

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف نک ہوکلے کا کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلوی شہریوں کو قریب لاتا ہے، ایسا کوئی اور کھیل نہیں کرتا۔

22 مارچ 2023، کو اس تصویر میں آسٹریلوی کھلاڑی چنائی کے ایم اے چدم برم سٹیڈیم میں انڈین ٹیم کو شکست دینے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے(اے ایف پی)

کرکٹ دنیا کے مشہور ترین کھیلوں میں سے ایک ہے اور پاکستان اور انڈیا میں تو اس کی مقبولیت کا یہ عالم ہے کہ یہاں یہ قومی کھیل نہ ہونے کے باوجود قومی کھیل سے زیادہ دیکھا جاتا ہے۔

آسٹریلیا میں بھی کرکٹ کا شمار معروف ترین کھیلوں میں ہوتا ہے، یہی نہی بلکہ کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ تو یہاں تک گئے ہیں کہ ’کرکٹ آسٹریلوی شہریوں کو قریب لاتا ہے۔ ایسا کوئی اور کھیل نہیں کرتا۔‘

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف نک ہوکلے کا کہنا ہے کہ ’کرکٹ موسم گرما میں آسٹریلوی شہریوں کو قریب لاتا ہے۔ ایسا کوئی اور کھیل نہیں کرتا۔ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ مداحوں کو اگلے سیزن میں ورلڈ کلاس کرکٹ دیکھنے کو ملے۔‘

آسٹریلوی ٹیم کے سال 24-2023 کے شیڈول کے مطابق آسٹریلوی ٹیم رواں سال کے اختتام اور اگلے سال کی پہلی سہ ماہی میں چند اہم سیریز کھیلنے جا رہی ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم دسمبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں وہ رواں سیزن جلد شروع ہونے والے موسم گرما میں آسٹریلوی ٹیم سے مدمقابل ہو گی۔

آسٹریلیا کا پرتھ سٹیڈیم 24-2023 کے سیزن میں پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کے پہلے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیٹ کمنز کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیم پاکستانی ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی جو 14 دسمبر سے شروع ہو گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر کو میلبرن میں کھیلا جائے گا جب کہ تیسرے میچ کی میزبانی سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کرے گا جس کے ساتھ ہی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے نئے سائیکل کا آغاز ہو جائے گا۔

پاکستان کے بعد آسٹریلوی ٹیم جنوری کے وسط سے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا سامنا کرے گی۔

اس ٹیسٹ سیریز کے میچ برزبین اور ایڈیلیڈ میں کھیلے جائیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق یہ دسمبر 1924 میں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ سے شروع ہونے والی پانچ یا اس سے زیادہ میچوں کی روایت کا نیا آغاز ہو گا۔

نئے شیڈول کے مطابق اکتوبر نومبر میں ایک روزہ ورلڈ کپ کے بعد آسٹریلوی ٹیم انڈیا میں وائٹ بال سیریز کے لیے رکے گی۔

جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد فروری میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیمیں تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں آمنے سامنے ہوں گی۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی خواتین کی کرکٹ ٹیم بھی اکتوبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز کھیلے گی۔ میگ لیننگ آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی کریں گی۔

جس کے بعد آسٹریلوی خواتین جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میچ سمیت ملٹی فارمیٹ سیریز کھیلیں گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ