فخر زمان جنہوں نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا

راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسری ایک روزہ میچ میں فخر زمان نے نہ صرف لگاتار دوسری سینچری سکور کر کے پاکستان کو فتح دلوائی بلکہ کچھ ریکارڈز بھی اپنے نام کیے ہیں۔

فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں لگاتار دوسری سینچری سکور کی (تصویر: اے ایف پی)

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہفتہ کو راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسری ایک روزہ میچ میں فخر زمان نے نہ صرف لگاتار دوسری سینچری سکور کر کے پاکستان کو فتح دلوائی بلکہ کچھ ریکارڈز بھی اپنے نام کیے ہیں۔

راولپنڈی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں مہمان ٹیم کے پہاڑ جیسے 337 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے فخر زمان نے 180 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

یہ فخر زمان کی اس سیریز میں لگاتار دوسری جبکہ ون ڈے کرکٹ میں مسلسل تیسری سینچری ہے۔ اس سے قبل انہوں نے رواں سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہی کراچی میں سینچری سکور کی تھی۔

فخر زمان نے موجودہ فارم اور ایشین کنڈیشنز میں ہی ہونے والے ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ کو دیکھتے ہوئے دوسری ٹیموں کے لیے ابھی سے ہی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان ٹیم نے بھی ان سے امیدیں لگا لی ہیں کیونکہ نیوزی لینڈ کے خلاف اس سیریز کو پاکستان پہلے ہی ورلڈ کپ کی تیاری کہہ چکا ہے۔

بس فخر زمان کو اپنی اس فارم کو برقرار رکھنا ہے۔

اب تھوڑی بات ان کے ریکارڈ کی کر لی جائے۔ تو فخر زمان 180 رنز کی اننگز کھیل کر ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین تین ہزار رنز بنانے والے پہلے ایشین اور دنیا کے تیسرے کرکٹر بن گئے ہیں۔

انہوں نے یہ کارنامہ 67 میچوں میں سرانجام دیا۔ اس طرح انہوں نے کپتان بابراعظم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بابراعظم نے 68 میچوں میں تین ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی سکور بنانے والوں میں بھی فخر زمان سرفہرست ہیں۔ پاکستان کی طرف سے فخر زمان اب تک دو مرتبہ ڈیڑھ سو سے زائد جبکہ ایک مرتبہ دو سو سے زیادہ رنز سکور کر چکے ہیں۔

فخر زمان جنوبی افریقہ کے خلاف 193، 210 زمبابوے اور 180 ناٹ آؤٹ نیوزی لینڈ کے خلاف سکور کر چکے ہیں۔

فخر زمان کی راولپنڈی میں ہفتہ کو کھیلی گئی اننگز کے بعد سے سوسل میڈیاپر ( ODI 3000) ٹرینڈ بنا ہوا ہے، جس میں صارفین کی جانب سے فخر زمان کو ان کی اننگز پر  مبارکبادیں دی جا رہی ہیں۔

پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے فخر زمان کی تصویر لگا کر انہیں ’پاکستان کا فخر‘ قرار دیا اور انہیں اپنے کیرئر کے اس شاندار  ریکارڈ پر مبارکباد دی۔

صارف عامر خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا: ’کیا فخر نیا جاوید میداد ہے جو ماضی میں نیوزی لینڈ کو مارتا تھا۔‘

عارف پل نے فخر زمان کو ’تباہ کن‘ بیٹسمین قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’انہوں نے سنا ہے کہ فخر کہتا ہے کہ مجھے آؤٹ کرو ورنہ تمہاری بولنگ تباہ کر دوں گا، کیا بات ہے کھلاڑی کی۔‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’فخر زمان کی سب سے اچھی بات ان کی اٹیکنگ کرکٹ ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ