فخر کے 180 رنز اور پاکستان کی فتح

نیوزی لینڈ نے  راولپنڈی میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو جیتنے کے لیے 337 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے 49ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

فخر زمان 29 اپریل 2023 کو راولپنڈی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ون ڈے میچ کے دوران (اے ایف پی)

نیوزی لینڈ نے  راولپنڈی میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو جیتنے کے لیے 337 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے 49ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

نیوزی لینڈ کے 337 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا مستحکم آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 66 رنز پر گری جب امام 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد بابر اور فخر نے 135 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم بابر 65 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 

تیسری وکٹ عبداللہ شفیق کی گری جو سات رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

چوتھی وکٹ پر رضوان اور فخر نے 100 سے زائد رنز کی پارٹنر شپ بنائی جس کی بدولت پاکستان نے 337 رنز کاہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

فخر زمان چھ چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 180 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، محمد رضوان نے بھی 54 رنز بنائے۔ 

اس فتح کے بعد پاکستان کو 5 میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی۔

 راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہفتہ کو کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے میچ میں ڈیرل مچل اور کپتان ٹام لیتھم کی عمدہ بلے بازی کے نتیجے میں نیوزی لینڈ 336 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کی دعوت پر اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ صرف 33 رنز پر گر گئی تاہم اس کے بعد بووز اور مچل کے درمیان عمدہ پارٹنرشپ ہوئی۔

مچل اور بووز نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 86 رنز سکور کیے۔ بووز 51 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پہلے سے کریز پر موجود ان فارم ڈیرل مچل کا ساتھ دینے کے لیے کپتان ٹام لیتھم آئے اور انہوں نے بھی مچل کا خوب ساتھ دیا۔

دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 183 رنز بنا کر پاکستانی بولرز کو بالکل ہی بے بس کر دیا۔

ڈیرل مچل نے اس دوران سینچری سکور کی اور 119 گیندوں پر 129 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ یہ اس سیریز میں ڈیرل مچل کی لگاتار دوسری سینچری ہے۔

ٹام لیتھم سینچری سے صرف دو رنز کی دوری پر حارث رؤف کا شکار بنے۔ انہوں نے 85 گیندوں پر 98 رنز کی اننگز کھیلی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف سب سے مہنگے بولر تو رہے مگر ساتھ ہی چار وکٹیں لینے میں بھی کامیاب ہوئے۔ ان کے علاوہ نسیم شاہ واحد بولر تھے جنہوں نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ کے لیے پاکستان نے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی کی جگہ نوجوان بولر احسان اللہ کو ڈیبیو کرایا گیا مگر وہ کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔ انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں اپنے پہلے میچ میں آٹھ اووروں میں 60 رنز دیے۔

ان کے علاوہ شان مسعود کی جگہ عبداللہ شفیق اور شاداب خان کی جگہ محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ