کراچی غیرملکیوں کے لیے دنیا کا سب سے سستا شہر: رپورٹ

سوفٹ ویئر بنانے والی کمپنی ای سی اے انٹرنیشنل کی سالانہ رپورٹ میں دنیا کے 207 شہروں میں غیرملکیوں کو درپیش اخراجات کا موازنہ کیا گیا ہے۔

3 فروری 2023 کی اس تصویر میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کا ایک تجارتی علاقہ دیکھا جا سکتا ہے(اے ایف پی)
 

عالمی لاگت کے حوالے سے ایک تحقیق کے مطابق دوسرے ملکوں کے شہریوں کے لیے دنیا کے چوتھے مہنگے ترین شہر کے طور پر لندن کی پوزیشن برقرار جبکہ کراچی سب سے آخر میں ہے۔

طویل عرصے سے جاری تحقیق میں امریکہ کا شہر نیویارک، ہانگ کانگ کو پیچھے چھوڑ کر پہلے نمبر پر آگیا ہے۔

ہانگ کانگ اس سے قبل چار سال تک سرفہرست رہا لیکن 2023 میں یہ دوسرے نمبر پر ہے۔

سوفٹ ویئر بنانے والی کمپنی ای سی اے انٹرنیشنل کی جانب سے سالانہ رپورٹ جاری کی گئی جس میں دنیا کے 207 شہروں میں دوسرے ممالک کے شہریوں کو درپیش اخراجات کا موازنہ کیا گیا ہے۔

اس تحقیق کے مطابق سوئٹزر لینڈ کا شہر جنیوا یورپ کا مہنگا ترین اور غیرملکیوں کے لیے دنیا کا تیسرا مہنگا ترین مقام ہے۔

برطانیہ کے دیگر مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں برمنگھم 115 ویں، کارڈف 118 ویں اور بیلفاسٹ 123 ویں نمبر پر ہیں جبکہ برمنگھم 16 درجے تنزلی کے ساتھ روس کے سینٹ پیٹرز برگ سے صرف ایک درجے اوپر ہے۔

ایڈنبرا 90ویں نمبر پر ہے جو گذشتہ سال کے 83ویں نمبر سے نیچے ہے۔ یہ لندن کے بعد برطانیہ کا دوسرا مہنگا ترین شہر بن گیا ہے۔

ای سی اے انٹرنیشنل کے ہیڈ آف پروڈکشن سٹیون کلفیڈر کے بقول: ’برطانیہ میں زندگی گزارنے کی لاگت کا بحران بدستور جاری ہے، جہاں بنیادی طور پر خوراک، یوٹیلیٹیز اور مکانات کی قیمتوں کی وجہ سے اخراجات بڑھ رہے ہیں۔

’ان مسائل کے باوجود برطانیہ کے تمام شہر اور لندن عالمی درجہ بندی میں نیچے آ رہے ہیں۔

’پاؤنڈ کی قدر میں کمی کو اس کی بڑی وجہ قرار دیا جا سکتا ہے جس کے باعث دوسرے ممالک سے برطانیہ آنے والے افراد کے لیے یہ ملک سستا ہو گیا ہے۔‘

ای سی اے انٹرنیشنل کمپنیوں کی مدد کے لیے تحقیق کرتی ہے تاکہ مختلف ممالک میں تنخواہوں کے حساب کے لیے دنیا بھر میں زندگی گزارنے کے اخراجات کا اندازہ لگایا جا سکے۔

غیر ملکیوں کے لیے سب سے سستا مقام 207ویں نمبر پر موجود پاکستان کا شہر کراچی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یورپ میں سب سے سستا مقدونیہ کا شہر سکوپیہ ہے۔ جس کا عالمی سطح پر 197واں نمبر ہے، اس کے بعد رومانیہ کا شہر تیمیسورا (عالمی سطح پر 193واں) ہے۔

تحقیق کرنے والوں کا کہنا ہے کہ جمہوریہ آئرلینڈ کا دارالحکومت ڈبلن اس سال چھ درجے ترقی کے ساتھ 38ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

سروے میں صارفین کی ایسی اشیا اور سروسز کا موازنہ کیا گیا ہے جو عام طور پر خریدی جاتی ہیں، جیسا کہ کافی، چینی اور انڈوں سمیت گھریلو سامان اور نقل و حمل سمیت کھانے پینے کی اشیا، جبکہ اس میں کرائے کے اخراجات کا موازنہ کرتے ہوئے رہائش کے اعداد و شمار بھی شامل ہیں۔

مطالعے کے مطابق 2023 میں تارکین وطن کے لیے 10 سب سے مہنگے مقامات کے نام ذیل میں بریکٹ کے اندر لکھے گئے ہیں:

1۔ نیویارک (2) 

2۔ ہانگ کانگ (1)

3۔ جنیوا (3)         

4۔ لندن (4)

5۔ سنگاپور (13)                 

6۔ زیورخ (7)

7۔ سان فرانسسکو (11)             

8۔ تل ابیب (6)

9۔ سیئول (10)               

10۔ ٹوکیو (5)

زیادہ پڑھی جانے والی میگزین