جس وقت لوگوں کی اکثریت ہانگ کانگ کے قدیم علاقے جورڈن میں واقع ووسنگ سٹریٹ کے معروف ریستورانوں کا رخ کررہی ہوتی ہے، وہیں کچھ لوگ نیلے رنگ کے ایک ریفریجریٹر کی جانب جا رہے ہوتے ہیں، جس پر درج ہے: 'آپ جو دے سکیں، دے دیں، آپ جو لینا چاہیں، لے لیں۔'
ہاکی اکیڈمی کے دروازے کے باہر موجود اس ریفریجریٹر میں ضرورت مند افراد کے لیے نوڈلز، بسکٹس، کھانے کے ڈبے حتیٰ کہ جرابیں اور تولیے تک موجود ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق احمن خان، جو کہ اسی گلی میں موجود سپورٹس فاؤنڈیشن کے بانی ہیں، کا کہنا ہے کہ وہ کمیونٹی کے لیے ایک ریفریجریٹر کے خیال سے متاثر تھے، جو انہوں نے ایک فلم میں دیکھا تھا اور وہ ایسا ہی کرنا چاہتے تھے۔ انہیں یہ ریفریجریٹر قریب ہی واقع پرانی اشیا جمع کرنے کے مرکز سے ملا تھا اور انہوں نے اس پر نیلا رنگ پینٹ کر دیا۔
'یہ ایک اچھی بات ہے کہ جب آپ گھر جائیں تو آپ فریج کھولتے ہیں تاکہ کچھ کھانے کو لے سکیں، میں چاہتا ہوں کہ لوگ ایسا ہی محسوس کریں چاہے وہ گلی میں ہی کیوں نہ ہوں۔ یہ ان کا علاقہ ہے۔ یہ ان کا گھر ہے تو وہ بس ریفریجریٹر کا دروازہ کھول کر اس میں کھانا رکھ سکتے ہیں یا لے سکتے ہیں۔'
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
احمن خان کا بلیو ریفریجریٹر پروجیکٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے اور لوگ اس میں کھانا رکھنے کے لیے آ رہے ہیں۔
ریفریجریٹر کے قریب ہی جینٹ ییونگ موجود ہیں، جو پلاسٹک کے تھیلوں میں بسکٹ، نوڈلز اور سنیکس لائی ہیں۔ انہوں نے وہ بہت احتیاط سے اس ریفریجریٹر کے اندر رکھ دیے ہیں۔
جینیٹ کہتی ہیں: 'میرا خیال ہے اچھا کام صرف بڑے پیمانے پر کرنا لازمی نہیں ہے۔ چھوٹے پیمانے پر کیا جانے والا نیک کام بھی ہماری شفقت ظاہر کر سکتا ہے اور اس دنیا کی بہتری میں کردار ادا کر سکتا ہے۔'
ایک اور علاقہ مکین جنہوں نے اپنا نام ییونگ بتایا، اس بلیو ریفریجریٹر سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور وہ ضرورت کے وقت یہاں سے کھانا اور ماسک حاصل کرتے رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: 'کوئی بھی شخص جسے کسی چیز کی ضرورت ہے وہ اس ریفریجریٹر سے بغیر کسی پریشانی کے وہ چیز لے سکتا ہے کیونکہ یہ 24 گھنٹے یہاں موجود ہوتا ہے۔'