سڑکوں پر پانی اڑاتی گاڑی چلانے پر وہاب ریاض معذرت خواہ

ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہاب ریاض تالاب نما سڑک پر تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے، ہارن بجا رہے ہیں۔

 پنجاب کے نگراں وزیر کھیل اور پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض بھی پانی کو ٹھکانے لگانے کے لیے میدان میں اتر آئے (سکرین گریب ٹوئٹر)

لاہور میں جہاں ایک طرف سڑکوں پر شدید بارشوں کے بعد پانی ہی پانی ہے وہیں پر پنجاب کے نگراں وزیر کھیل اور پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض بھی پانی کو ٹھکانے لگانے کے لیے میدان میں یعنی سڑکوں پر نکل آئے اور سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کی وجہ سے ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں بھی نظر آرہے ہیں۔

تنقید کے جواب میں جمعرات کو وہاب ریاض نے ایک ٹویٹ میں اپنا موقف بھی پیش کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’سکے کے ہمیشہ دو رخ ہوتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے ہم ہمیشہ غلط ہی دیکھتے ہیں۔ کل جو ہوا میں اس کے لیے معذرت خواہ ہوں۔

’میرا ہر گز یہ ارادہ نہیں تھا اور مجھے غلط سمجھا گیا۔ آئیں ہمیشہ مثبت چیزیں پھیلانے کی کوشش کریں اور منفی پروپیگنڈوں سے اپنے اس خوبصورت ملک کو بدنام نہ کریں۔ خوش رہیں۔‘

ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہاب تالاب نما سڑک پر تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے ہارن بجا رہے ہیں اور سڑک کنارے کھڑی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر پانی اچھلتا ہوا دکھ رہا ہے، جس کی وجہ سے انہیں شدید تنقید کا سامنہ کرنا پڑ رہا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار خاتون بھی پانی سے شرابور ہوگئیں۔

اسی حوالے سے صہیب ظفر اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’وہاب عوام پر پانی پھینکتے ہوئے لول! اتنے نالائق ہیں کہ پبلیسٹی سٹنٹس مارتے ہوئے بھی اپنی اصلیت خود دکھا دیتے ہیں۔‘

 وہاب ریاض بعد میں بغیر پروٹوکول شہر کی صورت حال کا جائزہ لیتے بھی نظر آئے لیکن سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے میمز اور ٹویٹس کرنا شروع کر دیں۔

بے روزگار نامی صارف نے ویڈیو میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہاب ریاض پر تنقید کرنا بند کر دیں۔ یہ ہے پوری ویڈیو جس میں انہوں نے سیلاب کا پانی نکال لیا تھا۔‘

نائلہ عنایت نامی صارف نے نگراں وزیر کے رین بوٹس کو نشانہ بناتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’وہاب ریاض کے ساتھ سفید بوٹوں میں بارش کے پانی کی پیمائش کرنے کا طریقہ سیکھیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لندن میں موجود پاکستانی صحافی سفینہ خان نے بھی وہاب ریاض کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کی اس حرکت پر ایک ویڈیو شیئر کر دی جس میں انہوں نے وہاب ریاض کو ’مفید مشورے‘ بھی دیے۔

جیو نیوز اینکر سارہ الیاس نے بھی وہاب ریاض کی ویڈیو شیئر کی اور بظاہر وہاب ریاض کی تعریف کی۔ 

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ