پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے نام سے نئی جماعت کا قیام

مقامی صحافیوں کے مطابق میڈیا کو اجلاس کی کوریج سے روک دیا گیا تھا یہاں تک کہ آج کے میٹنگ کے حوالے سے جگہ کا نام بھی کسی کو نہیں بتایا گیا تھا۔

پشاور میں17 جولائی، 2023 کو پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے اجلاس کے دوران سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور محمود خان گفتگو کرتے ہوئے (پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز)

پاکستان تحریک انصاف کے مانسہرہ سے سابق رکن صوبائی اسمبلی احمد شاہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے نام سے نئی جماعت میں انہوں نے شمولیت اختیار کر لی ہے۔

احمد شاہ نے انڈیپنڈںٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے دی تھی۔

احمد شاہ نے بتایا کہ نئی جماعت کا نام پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز رکھا گیا ہے۔

سابق رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ’ابھی نئی جماعت کے انتخابی نشان کا فیصلہ نہیں ہوا۔ نئے انتخابی نشان کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔‘

احمد شاہ خیبر پختنوا کی سابقہ حکومت میں وزیر اعلیٰ کے مشیر بھی رہ چکے ہیں۔

پشاور میں موجود انڈپینڈنٹ اردو کی نامہ نگار انیلا خالد کے مطابق پرویز خٹک کے بھتیجے اور داماد اور قومی اسمبلی کے سابق رکن ڈاکٹر عمران خٹک کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک نے آج ایک نئی پارٹی کا اعلان کر دیا ہے، جس کا نام پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ خود اس وقت لندن میں ہیں لیکن پارٹی میں وہ بھی پرویز خٹک کے ساتھ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی پریس کانفرنس ہونا باقی ہے، تاہم فی الحال صرف ایک میٹنگ ہوئی ہے۔ 

دوسری جانب مقامی صحافیوں کے مطابق میڈیا کو اجلاس کی کوریج سے روک دیا گیا تھا یہاں تک کہ آج کے میٹنگ کے حوالے سے جگہ کا نام بھی کسی کو نہیں بتایا گیا تھا۔

البتہ عمران خٹک نے گذشتہ روز انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا تھا کہ میٹنگ کسی نجی مقام یعنی شادی ہال وغیرہ میں ہوگی۔

پشاور کے ایک سینئر صحافی حضرت خان نے بتایا کہ اگرچہ نیوز بیوروز کے سربراہان کو کوریج کی دعوت نہیں دی گئی تھی لیکن وہ اپنے تئیں جگہ کے بارے معلوم کرکے پہنچ گئے۔

’مجھے گیٹ پر سیکیورٹی والوں نے روک دیا جبکہ ایک دو دیگر صحافی بھی وہاں پہنچ گئے تھے جن سے موبائل تحویل میں لے لئے گئے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پشاور میں انڈپینڈنٹ اردو کے نامہ نگار اظہار اللہ کے مطابق پرویز خٹک اور ان کے صاحبزادے اسحاق خٹک دونوں اس وقت رابطے میں نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ایک ویڈیو میں خیبر پختونخوا کے سابق وزرا اعلیٰ پرویز خٹک اور محمود خان اور اسمبلی کے کئی اراکین کو دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں بات کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ ہم اور خیبر پختونخوا اور قومی اسمبلی ہم خیال اراکین نے اجلاس میں متفقہ  فیصلہ کیا کہ ایک نئی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھی جائے گی جس کا نام پی ٹی آئی پارلیمینٹیرینز ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ نئی جماعت کے منشور اور جھنڈے کے رنگ کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔

پرویز خٹک نے ان کی اور محمود خان کی وزارت اعلیٰ کے دوران خیبر پختونخوا میں کیے گئے ترقیاتی کاموں کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی کے لیے دو سوالات چھوڑ کر جا رہے ہیں جن پر سوچنے کی ضرورت ہے۔ ان سوالات میں پاکستان تحریک انصاف نے تین چار دفعہ انتخابات کے مواقعے کیوں ضائع کیے؟ ہم نے جمہوریت کے راستے پر چلنا ہے یا انتشار والا راستہ اپنانا ہے؟

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ یہ گہرے سوالات ہیں اور کیا وجوہات تھیں کہ تحریک انصاف نے انتخابات قبول نہیں کیے اور آج تک انتشار کی طرف جا رہی ہے۔

’یہ بہت بڑا راز ہے اور یہ راز جس دن کھلے گا تو سب کی آنکھیں کھل جائیں گی کہ تحریک انصاف کا پروگرام کیا تھا۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست