معاشی پریشانیاں: بائیڈن نے چین کو ’ٹکنگ ٹائم بم‘ قرار دے دیا

امریکی صدر نے چین میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور عمر رسیدہ افرادی قوت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’چین اس وقت مشکل میں ہے۔‘

16 فروری 2023، امریکی صدر جوبائیڈن واشنگٹن ڈی سی میں ایک تقریب کے دوران شرکا سے خطاب کرتے ہوئے(اے ایف پی/دڑیو انگریر)

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ چین کے بڑھتے ہوئے معاشی مسائل نے ملک کو ’ٹکنگ ٹائم بم‘ بنا دیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو بائیڈن نے امریکی ریاست یوٹاہ میں ایک پرائیویٹ فنڈ ریزنگ تقریب میں کہا: ’چین بہت سے معاملات میں ایک ٹکنک ٹائم بم کی طرح ہے۔‘

امریکی صدر نے چین میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور عمر رسیدہ افرادی قوت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’چین اس وقت مشکل میں ہے۔‘

انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ جب ’برے لوگوں‘ کو مسائل درپیش ہوں تو وہ ’برے کام‘ کرتے ہیں۔

صدر بائیڈن نے جون میں بھی اسی طرح کے بیان میں بیجنگ کو ناراض کرتے ہوئے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کو ’آمر‘ کہا تھا جسے چین کی وزارت خارجہ نے ’اشتعال انگیزی‘ قرار دیا تھا۔

صدر بائیڈن نے جمعرات کو اصرار کیا کہ وہ ’چین کے ساتھ معقول تعلقات‘ کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں چین کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا لیکن میری اس پر نظر ہے۔‘

امریکہ نے حال ہی میں چین کے ساتھ مذاکرات کا دوبارہ آغاز کیا جس کے بعد وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے بیجنگ کے کئی دورے بھی کیے۔

 بلنکن کے دورں کا مقصد امریکی فضائی حدود میں ایک چینی غبارے کے حوالے سے پائے جانے والی کشیدگی کم کرنا تھا جسے رواں سال فروری میں امریکہ نے مار گرایا تھا۔

دی انڈپینڈنٹ کے مطابق اس سے قبل بھی دونوں ممالک کے درمیان اس وقت گرما گرمی دیکھنے کو ملی جب گذشتہ ہفتے امریکہ نے اپنی بحریہ کے دو حاضر سروس ارکان کو چین کے لیے جاسوسی کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان امریکی اہلکاروں پر شبہ تھا کہ وہ بیجنگ کو خفیہ معلومات پہنچا رہے تھے جس میں جنگی جہازوں اور ان کے ہتھیاروں کے نظام کے ساتھ ساتھ ریڈار سسٹم کے بلیو پرنٹس اور ایک بڑی امریکی فوجی مشق کے منصوبے شامل تھے۔

ایف بی آئی کے کاؤنٹر انٹیلی جنس ڈویژن سے وابستہ سوزین ٹرنر نے کہا: ’یہ گرفتاریاں عوامی جمہوریہ چین کی جانب سے ہماری جمہوریت اور اس کا دفاع کرنے والوں کو کمزور کرنے کی مسلسل اور جارحانہ کوششوں کی یاد دہانی کراتی ہیں۔‘

ان کے بقول: ’چین نے حساس فوجی معلومات کو محفوظ کرنے کے لیے ان اہلکاروں سے سمجھوتہ کیا جس سے امریکی قومی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔‘

ایک پریس ریلیز میں محکمہ انصاف نے کہا کہ ’سان ڈیاگو میں یو ایس ایس ایسیکس نامی بحری جہاز پر کام کرنے والے سیلر جنچاو وی نے جہازوں کے آپریشن اور ان کے نظام کے بارے میں درجنوں دستاویزات، تصاویر اور ویڈیوز چین کے حوالے کی ہیں۔

’ان معلومات میں تکنیکی اور مکینیکل مینولز بھی شامل تھے جو ان کے اپنے جہاز کے ہتھیاروں سے متعلق تھے۔‘

22 سالہ اہلکار پر الزام ہے کہ ان معلومات کے لیے انہیں ہزاروں ڈالر ادا کیے گئے تھے اور ان کو جرم ثابت ہونے پر جیل میں عمر قید کا سامنا کرنا پڑے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا