ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں شامل

16 اکتوبر کو ممبئی میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے اجلاس کے دوران لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے ٹی ٹوئنٹی کو پانچ نئے کھیلوں میں سے ایک کے طور پر منظور کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کے کھلاڑی پانچ ستمبر 2023 کو ناٹنگھم میں نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے میدان میں اتر رہے ہیں (اے ایف پی/ پال ایلیس)

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پیر کو ممبئی میں ایک اجلاس کے دوران لاس اینجلس 2028 کے لیے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو پانچ نئے کھیلوں میں سے ایک کے طور پر منظور کرلیا۔ دیگر کھیلوں میں فلیگ فٹ بال، بیس بال / سافٹ بال، لاکروس اور سکواش شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈیا میں تعینات امریکی سفیر ایرک گارسیٹی ایرک گارسیٹی نے پیر کی رات ممبئی میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ برطانیہ میں قیام کے دوران ان کا کرکٹ جنون بڑھ گیا تھا، لیکن چھ ماہ قبل انڈیا میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد اس میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا: ’یہاں آنے کے بعد میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا مداح بن گیا کیونکہ یہ بہت تیز ہے۔

’ہم میں سے اکثر کے پاس ٹیسٹ میچ دیکھنے کے لیے چند دن یا ورلڈ کپ میچ دیکھنے کے لیے پورے سات گھنٹے کا وقت نہیں ہوتا لیکن دو یا تین گھنٹے کا بے مثال مزہ دیکھ سکتے ہیں۔ میں خود بھی یہی کرتا ہوں۔‘

اس سے قبل 1900 میں پیرس میں ہونے والے اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کیا گیا تھا، جہاں واحد میچ میں برطانیہ کی ایک ٹیم نے فرانس کو شکست دی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گارسیٹی نے کہا: ’یہ اولمپکس، انڈیا، امریکہ اور ہر جگہ موجود کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک بہترین دن ہے۔

’مجھے لگتا ہے کہ کھلاڑی اور شائقین کی نئی نسل اس سے مزید پرجوش ہو گی۔ ہمیں لگتا ہے کہ یہ فارمیٹ اولمپکس کے لیے بہترین ہے اور اس کے آغاز کے لیے یہاں سے بہتر کوئی جگہ نہیں۔‘

پیر کو ہونے والی ووٹنگ عین اس وقت بھی ہوئی جب انڈیا مردوں کے 50 اوورز کے کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے۔

گارسیٹی نے کہا: ’اولمپکس تک، امریکہ میں نہ صرف میجر لیگ کرکٹ کافی معروف ہو جائے گی بلکہ ہمارے پاس سہولیات اور فینز بھی ہوں گے۔‘

گارسیٹی نے اولمپک جنگ بندی کے تصور کی حمایت بھی کی۔

انہوں نے کہا، ’اولمپک جنگ بندی اولمپکس کی روایت تھی۔ قدیم زمانے میں، ہر کوئی اپنے ہتھیار رکھ دیتا تھا، کھیل ہمیں متحد کرتے تھے، لہٰذا ہم امید کرتے ہیں کہ اس سے لوگوں کو یہ ترغیب ملے گی کہ امن جنگ سے بہتر ہے اور مل کر شرکت کرنا تنازعات سے بہتر ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ