انڈین اداکارہ بھی 'انتہائی خوفناک‘ وائرل ڈیپ فیک کا شکار

مصنوعی ذہانت کی حالیہ متاثرہ انڈین اداکارہ رشمیکا مندانا ہیں۔ انہوں نے ایک ’ڈیپ فیک‘ ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بالی وڈ کی اداکارہ رشمیکا مندانا کی 4 اکتوبر 2022 کو لی گئی تصویر (رشمیکا مندانا انسٹا گرام)

مشہور شخصیات کے چہروں کو باآسانی مختلف جسموں پر لگا دینے والی مصنوعی ذہانت ایک خطرناک اور طاقتور ہتھیار بن چکی ہے۔

مصنوعی ذہانت کی حالیہ متاثرہ بالی وڈ اداکارہ رشمیکا مندانا ہیں۔ انہوں نے ایک ’ڈیپ فیک‘ ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اتوار کو ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھی جس میں رشمیکا سے ملتی جلتی ایک خاتون سیاہ لباس زیب تن کیے لفٹ میں داخل ہو رہی ہیں۔

بعد ازاں معلوم ہوا کہ یہ کلپ مصنوعی ذہانت سے بنایا گیا ہے جو کسی شخص کی مماثلت کو دوسرے شخص سے بدل دیتی ہے۔

اکثر ڈیپ فیکس غلط معلومات پھیلانے یا مخصوص افراد کو بدنام کرنے کے لیے بنائے جاتے ہیں۔ مذکورہ ڈیپ فیک ویڈیو میں اداکارہ رشمیکا مندانا کا چہرہ کسی اور خاتون کے جسم پر لگایا گیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا نیوز کے مطابق اصل ویڈیو برطانوی نژاد انڈین سوشل میڈیا شخصیت زارا پٹیل کی ہے جس میں وہ ورزش والا سیاہ لباس پہنے لفٹ میں داخل ہو رہی ہیں۔

وائرل ویڈیو میں زارا کے چہرے کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کرتے ہوئے رشمیکا سے مشابہت رکھنے والے چہرے کے ساتھ بدلا گیا ہے۔

اس ویڈیو پر اداکار امیتابھ بچن سمیت انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے بہت زیادہ ردعمل دیا گیا ہے۔ رشمیکا مندانا نے نہ صرف اس پر اپنا ردعمل دیا بلکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے متاثر ہونے والی انڈین اداکارہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر لکھا کہ ’مجھے یہ شیئر کرتے ہوئے بہت دکھ ہو رہا ہے اور میں اپنی ڈیپ فیک ویڈیو کے بارے میں بات کرنا چاہتی ہوں جو آن لائن پھیل رہی ہے۔ ایمانداری کی بات یہ ہے کہ، یہ نہ صرف میرے لیے، بلکہ ہم میں سے ہر اس فرد کے لیے بھی انتہائی خوفناک ہے جس کو آج ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے خطرہ ہے۔‘

ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر رشمیکا نے لکھا کہ ’آج ایک خاتون اور ایک اداکارہ کی حیثیت سے میں اپنے اہل خانہ، دوستوں اور خیر خواہوں کی شکر گزار ہوں جو میری حفاظت اور سپورٹ سسٹم ہیں۔ لیکن اگر یہ میرے ساتھ اس وقت ہوا جب میں سکول یا کالج میں تھی، تو میں سوچ بھی نہیں سکتی کہ میں اس سے کیسے نمٹتی۔ اس سے قبل کہ ہم میں سے زیادہ سے زیادہ لوگ اس طرح کی شناخت کی چوری سے متاثر ہوں، ہمیں بحیثیت معاشرہ اور فوری طور پر اس سے نمٹنا چاہیے۔‘

اصل ویڈیو والی حاتون زارا پٹیل نے بھی حالیہ ڈیپ فیک پر اپنے ردعمل میں خواتین کے مستقبل کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

زارا پٹیل نے ڈیپ فیک ویڈیو کے جواب میں اپنی مایوسی کا اظہار کیا اور دوسروں کو خبردار کیا کہ آن لائن نظر آنے والی ہر چیز کو قبول نہ کریں۔

انہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک سٹوری میں لکھا: ’میرے علم میں یہ آیا ہے کہ کسی نے میرے جسم اور بالی ووڈ کی ایک مشہور اداکارہ کے چہرے کا استعمال کرتے ہوئے ڈیپ فیک ویڈیو بنائی ہے۔ ڈیپ فیک ویڈیو سے میرا کوئی تعلق نہیں تھا اور جو کچھ ہو رہا ہے اس سے میں بہت پریشان ہوں۔‘

زارا پٹیل نے ڈیپ فیکس سے لاحق خطرے اور مستقبل میں ان کے ممکنہ غلط استعمال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: ’میں ان خواتین اور لڑکیوں کے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہوں جو اب سوشل میڈیا پر آنے سے ڈرتی ہیں۔ براہ کرم آپ جو انٹرنیٹ پر دیکھتے ہیں اس کی حقیقت کی جانچ کریں۔ انٹرنیٹ پر ہر چیز حقیقی نہیں ہے۔ جو کچھ ہو رہا ہے اس سے بہت پریشان ہوں۔‘

سینیئر اداکار امیتابھ بچن نے ویڈیو پر نہ صرف ردعمل ظاہر کیا بلکہ قانونی کارروائی کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ امیتابھ بچن اور رشمیکا نے 2022 میں ’گڈ بائے‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔

جب ایک فیکٹ چیکر نے زارا پٹیل نامی برطانوی نژاد انڈین سوشل میڈیا شخصیت کی اصل ویڈیو کے ساتھ ڈیپ فیک کلپ پوسٹ کیا تو سب سے پہلے امیتابھ بچن نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے انڈیا میں ڈیپ فیکس سے نمٹنے کے لیے قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک کی فوری ضرورت کا مطالبہ کیا۔

اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت برائے الیکٹرانکس اور آئی ٹی راجیو چندر شیکھر نے سوموار کو ٹویٹ کیا کہ حکومت اپنے شہریوں کو آن لائن تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

آئی ٹی قوانین کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ’یہ پلیٹ فارمز غلط معلومات روکنے کے پابند ہیں اور ڈیپ فیکس غلط معلومات کی تازہ ترین اور اس سے بھی زیادہ خطرناک اور نقصان دہ شکل ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین