بزنس سیکٹر کو ماحول دوست بنانے پر برطانوی ایوارڈ پانے والے پاکستانی

لندن سے انڈپینڈنٹ اردو کی اس واڈکاسٹ میں پاکستانی اور جنوبی ایشیائی نژاد شخصیات کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی پر گپ شپ کی جاتی ہے۔

فراز خان اپنی کامیابیوں کے سفر کو کرکٹ سے جوڑتے ہوئے چار اننگز میں تقسیم کرتے ہیں۔ (فوٹو: فراز خان)

فراز خان کا تعلق کراچی سے ہے۔ رواں سال انہیں برطانیہ کے شاہی ایوارڈ، ایم بی ای یعنی ممبر آف دی آرڈر آف دی برٹش ایمپائر سے نوازا گیا۔

انہیں یہ ایوارڈ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کے فروغ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے عالمی اہداف میں خدمات کے عوض ملا۔

ان کی خدمات پر تفصیلی گپ شپ کے لیے انڈپینڈنٹ اردو نے انہیں، لندن میں ’ایک کپ چائے کراسنگ کلچرز‘ واڈکاسٹ میں مدعو کیا۔

ایم بی ای ایوارڈ کے لیے فراز خان کے نام کا اعلان جنوری 2023 میں کیا گیا تھا البتہ نومبر 2023 کی ایک تقریب میں شہزادہ ولیئم نے ایوارڈ ان کے حوالے کیا۔ اس موقعے پر خوشی تو تھی ہی لیکن فراز خان، اس مقام تک پہنچنے کو ٹائیٹینک فلم میں مرکزی کردار کے ایک ڈائیلاگ سے جوڑتے ہیں۔

میزبانوں مِم شیخ اور علی حمزہ سے گپ شپ کرتے ہوئے فراز خان نے کہا کہ ’مجھے لیونارڈو ڈی کیپریو کے ڈائیلاگ جیسا احساس ہوتا ہے کہ وہ ٹائیٹینک میں پہنچ جاتے ہیں۔ بہت مشہور لوگوں کے ساتھ بیٹھے ہوتے ہیں۔ کوئی ٹیکسٹائل سے تو کوئی سٹیل انڈسٹری سے۔ وہ کہتے ہیں کہ میں یہاں اس لیے پہنچا کہ میں نے بار فائٹ کی اور یہاں کی ٹکٹ جیت لی۔‘

مطلب یہ کہ ’میں تو صرف ایک چہرا ہوں لیکن قبیلہ ہے، خاندان ہے، دوست ہیں، ملازم ساتھی ہیں، جنہوں نے درست وقت پر راہیں کھولیں۔ یہ کہنا بہت آسان ہے کہ میں نے یہ خود کیا کیونکہ میں اتنا عقلمند تھا، مجھے سب پتا تھا، یہ ہرگز درست نہیں۔‘  

’میرے تجربے اور میرے سفر میں اتنے لوگ شامل تھے تاکہ یہ سفر ہو سکے، میں اس ٹیم کا حصہ رہا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فراز خان نے اپنی کامیابیوں کے سفر کو کرکٹ سے جوڑتے ہوئے چار اننگز میں تقسیم کیا۔ بینکنگ سیکٹر سے کیریئر کا آغاز کیا۔ پھر اپنی کمپنیاں بنانا شروع کیں۔ تیسری اننگز کاروباری سرمایہ کاری کے فنڈز بنانے پر مشتمل تھی اور بالآخر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے میدان میں داخل ہوئے۔

ان کی کمپنی Spectreco ایسی ٹیکنالوجی اور حل فراہم کرتی ہے جس کے ذریعے کاوباری شعبے کو کاربن کے اخراج کے اہداف پورے کرنے میں مدد ملتی ہے۔ پاکستان، امریکہ اور پرتگال میں Spectreco کے دفاتر ہیں۔

فراز خان نے فلاح و بہبود کی کاوشوں کی ابتدا پاکستان ہی میں SEED Ventures کی بنیاد رکھ کر کی جس کا وسیع پورٹ فولیو، مذہب، جنس اور عمر سے بالاتر ہو کر معاشی ترقی کے لیے یکساں مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے حل دینے جیسی سرگرمیوں پر مشتمل ہے۔

بڑی بڑی کمپنیوں اور حکومتوں کو مشورے دینے والے فراز خان کا کہنا ہے کہ ’موسمیاتی تبدیلیوں کو سمجھنا ہے تو دادا، دادی، نانا، نانی سے سیکھیں۔‘ ان کے مطابق موجودہ نسلوں سے پہلے انسان کا سادہ طرزِ زندگی ماحول دوست رہا ہے لیکن طرزِ زندگی میں جدت اور جلدی نے موسمیاتی تبدیلی میں کردار ادا کیا۔

ایک کپ چائے کراسنگ کلچرز، انڈپینڈنٹ اردو کی لندن سے واڈکاسٹ ہے جس کا مقصد برطانیہ میں پاکستانی اور جنوبی ایشیائی نژاد شخصیات کی کامیابیوں کی داستانوں کو اجاگر کرنا ہے۔ واڈکاسٹ میں جنوبی ایشیائی نژاد برطانوی شہریوں کی ثقافتی شناخت کی بُنت پر ہلکی پھلکی گپ شپ کی جاتی ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا