’جنگ پر جانے والے جنرل‘ کی طرح تیار ہونے والے فلم ڈائریکٹر

لندن سے انڈپینڈنٹ اردو کی اس واڈکاسٹ میں پاکستانی اور جنوبی ایشیائی نژاد شخصیات کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی پر گپ شپ کی جاتی ہے۔

شیکھر کپور کی آئندہ فلم ایک بزرگ کی کہانی ہے جن پر اپنا مکان بیچنے کا دباؤ ہوتا ہے۔ (فوٹو: شیکھر کپور انسٹاگرم)

اگرچہ شیکھر کپور اپنے آبائی وطن، انڈیا سے فلمی دنیا میں داخل ہوئے لیکن بالی ووڈ تک محدود نہیں رہے اور امریکہ کے ہالی ووڈ سے بھی فلمیں بنائیں۔ حال ہی میں جمائما خان کی لکھی ہوئی فلم کی ہدایت کاری کر کے برطانیہ میں اپنی دھاک بٹھائی۔

فلم What’s Love Got To Do With It میں انڈپینڈنٹ اردو کی واڈکاسٹ ’ایک کپ چائے کراسنگ کلچرز‘ کے میزبان مِم شیخ نے بھی اداکاری کی۔ اپنے ساتھی اداکار سے گپ شپ کے لیے شیکھر کپور نے، واڈکاسٹ میں شرکت کی خواہش ظاہر کی اور لندن کے سٹوڈیو میں تشریف لائے۔

شیکھر کپور نے میزبانوں مِم شیخ اور علی حمزہ کو بتایا کہ انہوں نے 80 کے عشرے میں برطانیہ ہی کے چینل فور پر On The Other Hand نامی شو کی میزبانی کر کے ٹی وی کی دنیا میں قدم رکھا جس سے قبل وہ اکاؤنٹنگ کے پیشے سے وابستہ تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’24 سال کا تھا جب میں نے اکاؤنٹنگ ترک کر دی کیونکہ مجھے احساس ہوا کہ میں کچھ ایسا کرنا چاہتا ہوں جس میں میری تمام زندگی خود شناسی کا عمل رہے۔‘

بتاتے ہیں کہ وہ ہالینڈ کے مصور ونسنٹ وین خاخ سے بہت متاثر تھے اور ان کی شاہکار پینٹنگ The Starry Night کو گھنٹوں تک گھورتے رہتے تھے۔ اپنی فکر اور سوچ کو رنگوں کے ذریعے دوسروں تک پہنچانے کی مصورانہ صلاحیتوں کی جستجو نے شیکھر کپور کو آرٹ کے راستے پر لگایا اور فلمی دنیا میں انہیں خودشناسی ملی۔

90 کے عشرے کے آغاز میں چینل فور نے ان کی بالی ووڈ فلمThe Bandit Queen کی فنڈنگ کی۔ انڈین ڈکیت پھولن دیوی کی زندگی پر مبنی فلم کا میوزک نصرت فتح علی خان نے کمپوز کیا۔

فلم کی موسیقی ترتیب دینے میں آر ڈی برمن بھی شامل تھے اور اسی دوران وفات پا گئے۔ شیکھر کپور نے بتایا کہ نصرت فتح علی خان اس قدر رنجیدہ ہوئے کہ کہنے لگے کہ ’میں سکرین پر دیکھ کر نہیں گاؤں گا بلکہ آپ کی آنکھوں میں دیکھ کر گاؤں گا تاکہ آپ کا درد محسوس کر سکوں۔‘

شیکھر کپور کے مطابق وہ منفرد تجربہ تھا کہ دنیا کے بہترین موسیقاروں میں شمار ہونے والے نصرت فتح علی خان نے ان کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے ’بے ساختہ‘ طور پر فلم کو سوز بھری آواز بخشی۔ فلم نے متعدد انڈین اور بین الاقوامی ایوارڈز جیتے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بے ساختگی اور بے یقینی کو زندگی کو چلائے رکھنے کی خصوصیات سمجھنے والے شیکھر کپور نے اپنا کیریئر ایک ہی ڈگر پر نہیں رکھا۔ فلموں میں اداکاری، ہدایت کاری، ٹی وی شوز کی میزبانی اور ڈاکومنٹری جیسے شعبوں میں اپنے جوہر دکھائے۔

کہتے ہیں کہ ’فلم کی شوٹنگ سے ایک دن پہلے میں، جنگ پر جانے والے جنرل کی طرح تیاری کر لیتا ہوں لیکن سیٹ پر پہنچ ساری تیاری کو بھلا دیتا ہوں‘ تاکہ اداکار بلاجھجک اپنی بہترین پرفارمنس دے سکیں۔ رومانٹک کامیڈی کے لیے غیر معمولی پرفارمنس ہی نے انہیں What’s Love Got To do With It میں کام کرنے والے برطانیہ کے ساؤتھ ایشین اداکاروں کے ٹیلنٹ نے متاثر کیا حالانکہ ان کے بقول وہ دنیا میں ہر جگہ فلم بنا چکے ہیں اور ہر جگہ ’ایکشن سے لے کر کٹ تک‘ کوئی فرق نہیں۔

بالی ووڈ کے چوٹی کے اداکاروں میں سے، انیل کپور کے ساتھ ان کی فلم Mr India خوب مقبول ہوئی البتہ عامر خان کے ساتھ ایک فلم Time Machine فنڈنگ کی وجہ سے مکمل نہ کر پائے۔ اس کی کہانی شیکھر کپور کے اپنے والد کے ساتھ تعلق پر مبنی تھی جس کی کھوج میں وہ لاہور کے کنیئرڈ کالج فار وومن بھی گئے۔

آج کل وہ 80 سالہ بزرگ کے متعلق فلم بنا رہے ہیں جن کا مکان بکنے کی کوششیں ہوتی ہیں اور قیمت لگائی جاتی ہے۔ کہتے ہیں کہ ’لوگ آج کل قیمت دیکھتے ہیں، قدر نہیں۔ اس مکان کے ساتھ یادیں وابستہ ہیں جن کی قدر کو فلم بند کریں گے۔‘

ایک کپ چائے کراسنگ کلچرز، انڈپینڈنٹ اردو کی لندن سے واڈکاسٹ ہے جس کا مقصد برطانیہ میں پاکستانی اور جنوبی ایشیائی نژاد شخصیات کی کامیابیوں کی داستانوں کو اجاگر کرنا ہے۔ واڈکاسٹ میں جنوبی ایشیائی نژاد برطانوی شہریوں کی ثقافتی شناخت کی بُنت پر ہلکی پھلکی گپ شپ کی جاتی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا