پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز محمد رضوان، آغا سلمان اور عامر جمال کی نصف سنچریوں کی مدد سے 313 رنز بنائے۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ کے پہلے دن ٹاس جیت کر پانچ وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنانے والی مہمان ٹیم نے بعد کے اوورز میں اپنی کارکردگی سے آسٹریلوی ٹیم کو پریشان کر دیا۔
رضوان نے 103 گیندوں پر 88 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ نویں نمبر پر کھیلنے کے لیے میدان میں آنے والے عامر جمال نے 97 گیندوں پر 82 اور سلمان علی آغا نے 67 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔
اپنے 112 ویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں کھیل رہے ڈیوڈ وارنر نے میچ کا پہلا دن ختم ہونے سے قبل آخری اوور میں آسٹریلیا کی جانب سے چھ رنز بنائے۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے 61 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اس سیریز میں مسلسل تیسری بار پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے آخری پانچ کھلاڑیوں نے بدترین شروعات کے بعد جب اپنی ٹیم کو بچانے کوشش کی تو آسٹریلیا کا خوشی سے شروع ہونے والے دن کا اختتام مایوسی پر ہوا۔
محمد رضوان اور آغا سلمان نے 94 رنز کی شاندار شراکت کے ساتھ آسٹریلیا کے بالرز کا مقابلہ کیا۔
پہلے ٹیسٹ میں ڈراپ کیے جانے والے رضوان نے 103 گیندوں پر دو چھکے اور 10 چوکے لگائے جس کے بعد وہ پیٹ کمنز کی گیند پر جوش ہیزل ووڈ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔
انہوں نے سیریز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انفرادی سکور بنایا۔
سلمان علی آغا نے نصف سنچری سکور کی جس کے بعد وہ مچل سٹارک کی گیند پر ٹریوس ہیڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عامر جمال نے ناتھن لیون کی گیند پر مچل سٹارک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہونے سے پہلے اپنا سب سے بڑا ٹیسٹ سکور بنایا۔
اس کے بعد آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے دن کا آخری اوور کھیلا اور انہوں نے عمدہ آغاز کرتے ہوئے سپنر ساجد خان کی پہلی گیند پر چوکا مارا۔
صبح کا سیشن آسٹریلیا کے لیے اچھا رہا کیونکہ اوپنر عبداللہ شفیق اور ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب دو اووروں میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے تھے۔
آؤٹ آف فارم عبداللہ شفیق مچل سٹارک کے اوپننگ اوور کی دوسری گیند پر آؤٹ ہو گئے اور امام الحق کی جگہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب صرف دو گیندوں کا سامنا کر سکے اور ہیزل ووڈ کی گیند پر ایلکس کیری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم نے 26 رنز بناکر آؤٹ ہونے سے قبل تین شاندار کور ڈرائیوز لگائے۔
سعود شکیل کو پیٹ کمنز کی گیند پر ایلکس کیری کو کیچ دے بیٹھے اور یوں 47 کے مجموعی سکور پر پاکستان کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
لنچ کے فوراً بعد مچل مارش کی گیند پر سٹیو سمتھ نے کپتان شان مسعود کو 32 کے انفرادی سکور پر کیچ آؤٹ کیا لیکن اسے نو بال قرار دے دیا گیا۔
شان مسعود 35 کے انفرادی سکور پر ایک بار پھر مچل مارش کی گیند پر سٹیو سمتھ کو کیچ تھما بیٹھے اور یوں پاکستان کو 96 رنز پر پانچ کھلاڑیوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
تین ٹیسٹ مقابلوں پر مشتمل سیریز میں دو میچ جیت کو آسٹریلیا پہلے ہی یہ سیریز اپنے نام کر چکا ہے۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔