پاکستان اور یو اے ای میں میرین، لاجسٹک سیکٹرز میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت

یہ معاہدہ کراچی بندرگاہ کے ایسٹ وہارف کی سات برتھوں پر بلک اور جنرل کارگو ٹرمینل کے آپریشن کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق ہے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ تین فروری، 2024 کو کراچی پورٹ ٹرسٹ پاکستان اور ابوظہبی پورٹس گروپ یو اے ای کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے (وزیر اعظم ہاؤس)

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہفتے کو میرین اور لاجسٹک کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کراچی پورٹ ٹرسٹ پاکستان اور ابوظہبی پورٹس گروپ یو اے ای کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

یہ ایک تجارتی معاہدہ ہے جو کراچی بندرگاہ کے ایسٹ وہارف کی سات برتھوں پر بلک اور جنرل کارگو ٹرمینل کے آپریشن کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق ہے۔

اس کا مقصد میرین اور لاجسٹک کے شعبوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

اس موقعے پر نگران وزیرمواصلات، ریلوے و میری ٹائم افیئرز شاہد اشرف تارڑ اور متحدہ عرب امارات کے وزیر تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی، پاکستان میں یو اے ای کے سفیر حمد عبید ابراہیم سلیم الزابی اور دونوں ممالک کے حکام موجود تھے۔

نگران وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی شعبے میں تعاون و بات چیت اور تبادلوں میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

وہ معاشی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں متحدہ عرب امارات کے پاکستان کے لیے بھرپور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے آج متحدہ عرب امارات کے وزیر تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی سے بھی ملاقات کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نگران وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے حالیہ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جس سے پاک متحدہ عرب امارات اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

’متحدہ عرب امارات 18 لاکھ پاکستانیوں کا گھر ہے جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہوا بازی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور ریلوے کنیکٹوٹی کے حوالے سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں اطراف کے عوام کے درمیان روابط میں اضافہ ہو سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تاجروں اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو قریب لانے میں حکومت پاکستان ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر تجارت نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات میں مزید بہتری لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت