اگلے 100 دنوں میں ہر ووٹر کا اعتماد جیتیں: مودی کی پارٹی کو ہدایت

انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جے پی کے قومی کنونشن میں لوگ سبھا کے اپریل اور مئی میں ہونے والے انتخابات کے لیے اپنی جماعت کے انتخابی خاکے کا اعلان کیا۔

انڈین وزیر اعظم 18 فروری 2024 کو دہلی میں بی جے پی کے قومی کنونشن سے خطاب کر رہے ہیں (بی جے پی ایکس)

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی کنونشن سے خطاب میں اپنی جماعت کے انتخابی خاکے کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے آئندہ 100 دنوں میں ہر ووٹر کا اعتماد جیتنے کی ہدایت کی ہے۔

 انڈین ٹیلیویژن چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ملک کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے کنونشن سے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اگلے سو دنوں میں ہر نئے ووٹر، پارٹی منصوبوں سے مستفید ہونے والے ہر شخص اور برادری کے پاس جانا ہو گا۔ ہمیں ہر کسی کا اعتماد جیتنا ہے۔‘

انڈین وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکومتی اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو 400 نشستیں جتوانے کے لیے بی جے پی کو 370 نشستوں سے آگے بڑھنا ہو گا۔

انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے رہنما بھی این ڈی اے کے لیے نعرے لگا رہے ہیں۔

’بی جے پی کے کارکنوں کو آئندہ 100 دنوں میں نئی توانائی کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔‘

مودی کے مطابق: ’میں اقتدار سے لطف اندوز ہونے کے لیے تیسری مدت کی بات نہیں کر رہا ہوں۔ اگر میں نے ذاتی گھر کے بارے میں سوچا ہوتا تو میں کروڑوں غریبوں کے لیے گھر نہ بنواتا۔ میں غریب بچوں کے مستقبل کے لیے جی رہا ہوں۔ کروڑوں خواتین، غریبوں اور نوجوانوں کے خواب مودی کا عزم ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ لوگ ان سے کہتے رہتے ہیں کہ آپ نے بہت کچھ حاصل کر لیا۔ آپ نے تمام بڑے وعدے پورے کر دیے پھر آپ اب بھی اتنا کام کیوں کر رہے ہیں؟ پورے ملک کا ماننا ہے کہ 10 سال کا بے داغ اقتدار اور 25 کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے اوپر لانا کوئی آسان کام نہیں ہے۔

’میں پہلا وزیر اعظم ہوں جس نے لال قلعے سے ٹوائلٹس کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ہم راج نیتی کے لیے نہیں راشٹر نیتی کے لیے نکلے ہیں۔‘

مودی کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے ملک کو سکینڈلز اور دہشت گردی سے پاک کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تو اپوزیشن لیڈر بھی ’اب کی بار چار سو پار‘ کا نعرہ لگا رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں مزید کہا کہ بی جے پی کے کارکن سال کے ہر دن 24 گھنٹے ملک کی خدمت کرنے کے لیے کچھ نہ کچھ کرتے رہتے ہیں لیکن اب اگلے 100 دنوں میں نئے جوش اور نئے اعتماد کے ساتھ کام کرنا ہے۔ آج 18 فروری ہے اور 18 سال کی عمر کو پہنچنے والے نوجوان ملک کی 18 ویں لوک سبھا کا انتخاب کرنے جا رہے ہیں۔

انڈیا میں پارلیمان کے ایوان زیریں (لوگ سبھا) کے لیے عام انتخابات اپریل اور مئی 2024 میں ہونے جا رہے ہیں۔

بی جے پی کی قومی کونسل کے اجلاس نے ایودھیا رام مندر کے لیے قرارداد بھی منظور کی، جس میں مندر کی تعمیر کو ’ملک کے لیے ایک تاریخی اور شاندار کامیابی‘ قرار دیا۔

صدر بی جے پی جے پی نڈا کی پیش کردہ قرارداد وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں منظور کی گئی۔ نڈا نے مندر کے تقدس کو کامیابی کے ساتھ انجام دینے پر وزیر اعظم مودی کو مبارک باد دی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا