نقصان جاننے کے باوجود سچ کیوں منہ سے نکل جاتا ہے؟

جھوٹ ایک بہت بڑی طاقت ہے، سہارا ہے، امید ہے، لیکن اس وقت تک کہ اگر جھوٹ کے پار آپ کو ایک عدد روشن کھڑکی نظر آتی رہے۔

سوال آیا کہ جب پتہ ہو سچ بولنا تکلیف دہ ہو گا، اذیت ہو گی، تب بھی انسان بعض اوقات کیوں حقیقت کا ٹھیکیدار بن کے کھڑا ہو جاتا ہے؟

کیوں نہیں رہتا وہ خوابوں کے محل میں اور کیوں تسلیوں کے جھرمٹ سے ننگے پاؤں نکل کے تپتے صحرا میں دوڑنا شروع کر دیتا ہے؟

اس کا واحد جواب یہ ہے کہ آپ کبھی کبھی خود سے جھوٹ نہیں بول سکتے۔

جھوٹ ایک بہت بڑی طاقت ہے، سہارا ہے، امید ہے، لیکن اس وقت تک کہ اگر جھوٹ کے پار آپ کو ایک عدد روشن کھڑکی نظر آتی رہے۔

کھڑکی بند ہو گی، روشنی غائب ہو گی تو کس آسرے پہ جھوٹ بولیں گے؟

اس وقت آپ سچائی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کے کھڑے ہو جاتے ہیں، کتنی بھی تکلیف دہ ہو اس کا سامنا کرتے ہیں اور خود کو یقین دلاتے ہیں کہ اب کوئی اور چارا نہیں تھا۔

تب آپ دل سے چاہتے ہیں کہ ایک بہانہ، ایک آسرا، ایک امید، کچھ بھی ۔۔۔ کچھ بھی مل جائے کہ جس پہ آپ جھوٹ کا پہاڑ کھڑا کر سکیں لیکن بنیاد ہی نہ ہو تو پہاڑ کیا چھوٹی سی دیوار تک ڈھے جاتی ہے۔

کبھی کبھی یوں ہوتا ہے کہ سچ بولنے کے بعد آپ سوچتے ہیں ۔۔۔ اگر میں یہ عذر کر لیتا، اگر میں فلاں بہانہ بنا لیتا، میں تھوڑا جھوٹ سچ ملا لیتا، کسی طرح سچ کا سامنا کرنے میں تھوڑا وقت مل جاتا، کچھ بھی ہوتا لیکن سچ کے بعد یہ جو سناٹا ہے، یہ کھا جانے والا ہے، یہ نہ ہوتا ۔۔۔ مگر وہ ہوتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جھوٹ اپنی ذات میں کوئی غلط چیز نہیں ہے۔ جھوٹ وقت سے مہلت لینے کا ایک طریقہ ہے لیکن وہی مہلت اگر خود کے لیے، کسی پیارے کے لیے تکلیف دہ نظر آ رہی ہو تو انسان ہار جاتا ہے۔

سچ شاید لمبی دوڑوں سے پہلے ہار جانے، ہانپ جانے کا نام ہے۔ جھوٹ مصلحت ہے، تازہ دم رہنے کی گنجائش ہے۔

جھوٹ آسان تب نظر آتا ہے جب کسی دوسرے سے بولنا ہو اور اسے آپ پر یقین ہو اور آپ اس یقین کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوں۔

اگر یقین کا پاس ہے تو جھوٹ نہیں بولا جا سکتا۔ تب سچ ہی نکلتا ہے منہ سے، کائنات کا جابر ترین سچ!

اور شاید ایسے ہی کسی سچ سے گھبرا کے جون ایلیا نے کہا ہو گا؛

ہم نادرہ جویاں کو وہ راہ خوش آئی ہے
جو آبلہ پرور ہے، بے مرہم منزلہا


مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ