پی ایس ایل 9 ایلیمینیٹر: اسلام آباد پاس، کوئٹہ بری طرح فیل

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے ایلیمینیٹر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 39 رنز سے ہرا کر پی ایس ایل سے باہر کر دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی 15 مارچ، 2024 کو کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 9 کے ایلیمینیٹر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے کو آؤٹ کرنے کے بعد خوش ہو رہے ہیں (اے ایف پی)

اسلام آباد یونائیٹڈ نے جمعے کو پہلے ایلیمینیٹر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 39 رنز سے ہرا کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 سے باہر کر دیا۔

کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنر مارٹن گپٹل کی نصف سنچری کی مدد سے نو وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے، جسے گلیڈی ایٹرز نہ حاصل کر سکے۔

گپٹل اور الیکس ہیلز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے چھ اوورز میں 50 رنز بنا ڈالے۔ ہیلز (23 رنز) چھٹے اوور میں اکیل حسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ان کے جانے کے بعد گپٹل نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور آغا سلمان کے ساتھ مل کر 12ویں اوور میں سکور 102 تک پہنچا دیا۔

سلمان نے 21 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔ ایک موقعے پر لگ رہا تھا کہ اسلام آباد مقررہ 20 اوورز میں 200 رنز تک پہنچ سکتی ہے۔ تاہم تواتر سے وکٹیں گرنے کی وجہ سے وہ نو وکٹوں پر 174 رنز بنا سکی۔

کپتان شاداب خان نے 23 جبکہ وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے چھ گیندوں پر 18 رنز بنائے۔ اسلام آباد کے چار بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔

گلیڈی ایٹرز کے محمد عامر اور اکیل نے دو، دو جبکہ محمد وسیم، ابرار احمد اور سعود شکیل نے ایک، ایک وکٹ لی۔

کوئٹہ نے 175 رنز کے تعاقب میں اچھا آغاز نہیں کیا اور تیسرے اوور میں محض 10 رنز پر اس کی ٹاپ تین وکٹیں گر گئیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جیسن رائے (ایک رن)، سعود شکیل (0) اور کپتان ریلی روسو صرف پانچ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پانچویں اوور میں مزید دو وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم کی میچ میں واپسی ناممکن ہو گئی۔

کوئٹہ کے ٹاپ پانچ بیٹرز محض 16 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، ان میں سے چار بیٹرز سنگل فگر سے آگے نہ بڑھ سکے۔

عمیر یوسف اور عقیل حسین نے چھٹی وکٹ کے لیے 52 رنز کی شراکت بنائی لیکن وہ ناکافی رہی۔ 11 اوور میں عقیل (31 رنز) غیر ذمہ درانہ دوسرا رن لیتے ہوئے رن آؤٹ ہو گئے۔

کوئٹہ کی پوری ٹیم مسلسل وکٹیں گرنے کی وجہ سے 19 ویں اوور میں 135 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

اسلام آباد کے عماد وسیم نے 12 رنز دے تین جبکہ نسیم شاہ نے دو وکٹیں لیں۔

ہفتے کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی میں مقابلہ ہو گا اور اس میچ کی فاتح ٹیم پیر کو فائنل میں ملتان سلطانز کا سامنا کرے گی۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ