نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان

سیریز کے تین میچ راولپنڈی جبکہ باقی دو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

8 اکتوبر 2022 کو کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹی 20 سہ فریقی سیریز کے دوسرے میچ کے دوران نیوزی لینڈ کے بلیئر ٹکنر اپنے ساتھیوں کے ساتھ پاکستان کے شاداب خان کی وکٹ کا جشن منا رہے ہیں (اے ایف پی/ سنکا وداناگاما)

نیوزی لینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم 14 اپریل کو پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں  کے لیے اسلام آباد پہنچے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل سے پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔

 سیریز کے تین میچز 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد لاہور 25 اور 27 اپریل کو سیریز کے بقیہ دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی میزبانی کرے گا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام پانچ میچز رات سات بجے شروع ہوں گے۔

نیوزی لینڈ  کی کرکٹ ٹیم کا یہ دورہ 17 ماہ کے عرصے میں اس کا تیسرا دورۂ  پاکستان ہوگا۔ اس سے قبل اس نے دسمبر 2022/ جنوری 2023 میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

اسی  سال کے آخر میں وہ دس وائٹ بال میچوں میں حصہ کے لیے پاکستان آئی تھی۔ یہ میچز لاہور، راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گئے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں سستے نرخوں پر مقرر کی جائیں گی تاکہ شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ سکیں۔ ٹکٹ منتخب ٹی سی ایس آؤٹ لیٹس پر اور pcb.tcs.com.pk پر آن لائن دستیاب ہوں گے۔ ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے درمیان غیر متزلزل دوستی کے ثبوت میں، انہیں نیوزی لینڈ کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان  کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔

’یہ دورہ ان گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے جو ہمارے دونوں کرکٹ ممالک کے درمیان موجود ہے۔ہمارے شائقین اور پاکستانی عوام نیوزی لینڈ کی ٹیم کا ایک بار پھر خیرمقدم کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ ایک اور مسابقتی سیریز ہو گی جو اس سال کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا ایک اہم حصہ ہے۔‘

سیریز کا شیڈول

14 اپریل ۔ نیوزی لینڈ کی پاکستان آمد

 16 اور 17 اپریل۔ پریکٹس

18 اپریل ۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ راولپنڈی

20 اپریل ۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ راولپنڈی

21 اپریل ۔ تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔راولپنڈی

25 اپریل ۔ چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ لاہور

27 اپریل ۔ پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ لاہور

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ