صائم کی آل راؤنڈ پرفارمنس: پاکستان نے آسٹریلیا کو ہرا دیا

صائم ایوب کو بیٹنگ اور بولنگ میں عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان کے کھلاڑی 29 جنوری 2026 کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹی20 میچ کے دوران کوپر کونولی کے آؤٹ ہونے پر خوشی منا رہے ہیں (اے ایف پی)

پاکستان نے آسٹریلیا کو تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شکست دے دی ہے۔

قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان ٹیم 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک اچھے آغاز کے باوجود صرف 168 رنز ہی بنا سکا جو بعد میں آسٹریلوی ٹیم کے لیے ایک مشکل ہدف ثابت ہوا۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ٹریوس ہیڈ 23، کیمرون گرین 36 اور زیویر بارٹلیٹ 34 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی طرف سے صائم ایوب پہلے بیٹنگ اور پھر بولنگ میں بھی نمایاں رہے جنہوں نے تین اووروں میں 29 رنز دے کر دو اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے علاوہ ابرار احمد نے بھی دو وکٹیں لیں جبکہ شاداب خان اور محمد نواز ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ شاہین آفریدی اور سلمان مرزا ایک بھی کھلاڑی کو آوٹ نے کر پائے۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو صاحبزادہ فرحان پہلی ہی گیند پر بنا کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جس کے بعد صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے مہمان ٹیم پر دباؤ ڈالے رکھا۔

صائم ایوب طویل عرصے بعد فارم میں دکھائی دیے جنہوں نے اپنا کھاتہ چھکے سے کھولا اور 22 گیندوں پر دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔

سلمان آغا نے چار چھکوں اور ایک چوکا لگایا اور 27 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے 20 گیندوں پر 24 رنز بنائے جبکہ باقی کوئی بھی بلے باز کوئی بڑی اننگز نہیں کھیل پایا۔

صائم ایوب کو بیٹنگ اور بولنگ میں عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 31 جنوری کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ