ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ جمعے یا پیر کو ہو گا: چیئرمین پی سی بی

محسن نقوی نے ایکس پر بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے معاملے پر بریفنگ دی، جس پر انہیں مسئلہ حل کرنے اور تمام ممکنہ آپشنز پر غور کرنے کی ہدایت دی گئی۔

محسن نقوی 26 جنوری، 2026 کو اسلام آباد میں وزیرِاعظم کو آئی سی سی سے متعلق صورت حال پر بریفنگ دے رہے ہیں (محسن نقوی/ایکس)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پیر کو وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد ٹی 20 مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان شرکت کے حوالے سے کہا ہے کہ اس معاملے پر فیصلہ جمعے یا آئندہ پیر کو ہو گا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 جو سات فروری سے انڈیا اور سری لنکا میں شروع ہونے جا رہا ہے، کے دوران میچز کے لیے اپنی ٹیم انڈیا بھیجنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد پاکستان نے بنگلہ دیش کے اس موقف کی حمایت کی تھی۔

تاہم آئی سی سی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اس موقف کو تسلیم نہیں کیا اور بنگلہ دیش کی جگہ سکاٹ لینڈ کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا حصہ بنا دیا۔

محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ملاقات کے دوران انہوں نے وزیرِاعظم کو آئی سی سی سے متعلق صورت حال پر بریفنگ دی جس پر وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ اس مسئلے کو حل کیا جائے اور تمام ممکنہ آپشنز کو مدنظر رکھا جائے۔

محسن نقوی کے مطابق، ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ آئی سی سی معاملے پر حتمی فیصلہ جمعہ یا آئندہ پیر کو کیا جائے گا۔

سیاسی اور کھیل کے حلقوں میں اس ملاقات کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ آئی سی سی سے متعلق فیصلے کا براہ راست اثر پاکستان کرکٹ اور بین الاقوامی سطح پر ملک کے موقف پر پڑ سکتا ہے۔

حکومت اس معاملے پر قانونی، سفارتی اور سپورٹس سطح پر تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ پاکستان کے مفادات کا مکمل تحفظ کیا جا سکے۔

ایک روز قبل پاکستان نے ورلڈ کپ 2026 کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا تھا جس میں سلمان علی آغا ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے جہاں اس کا پہلا میچ سات فروری کو کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف شیڈول ہے۔

اتوار کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید، پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا اور وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیکل جیمز ہیسن نے پریس کانفرنس کے دوران سکواڈ کا اعلان کیا۔

پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں میں کپتان سلمان علی آغا، فہیم اشرف، خواجہ محمد نافع، محمد سلمان مرزا اور صاحبزادہ فرحان شامل ہیں جب کہ عثمان طارق کو پہلی بار کسی بڑے ٹورنامنٹ کے لیے پاکستانی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

سکواڈ میں شامل ابرار احمد، بابر اعظم، فخر زمان، محمد نواز، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور عثمان خان 2021 سے اب تک اس ٹورنامنٹ کے کم از کم ایک یا اس سے زیادہ ایڈیشنز کھیل چکے ہیں۔

20 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم سپر ایٹ اور ناک آؤٹ مرحلے سے قبل چار گروپ میچ کھیلے گی اور یہ تمام مقابلے سات فروری سے آٹھ مارچ کے درمیان شیڈول ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ