ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی جگہ سکاٹ لینڈ شامل: آئی سی سی

یہ اعلان بنگلہ دیش کی جانب سے جمعرات کو انڈیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کے بعد کیا گیا ہے۔

سکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑی آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں آسٹریلوی بلے باز کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی مناتے ہوئے (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ہفتے کو بالآخر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی جگہ سکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ اعلان بنگلہ دیش کی جانب سے جمعرات کو انڈیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کے بعد سامنے آیا ہے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سات فروری سے انڈیا اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔

بنگلہ دیش نے ’سکیورٹی خدشات‘ کی بنیاد پر آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس کے میچز کو انڈیا سے سری لنکا منتقل کیا جائے جسے آئی سی سی نے مسترد کر دیا تھا۔

آئی سی سی کی جانب سے ہفتے کو باضابطہ اعلان کیا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ میچ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کے بعد سکاٹ لینڈ کو گروپ سی میں شامل کیا گیا ہے، جہاں وہ انگلینڈ، اٹلی، نیپال اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ مقابلہ کرے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی نے، انڈیا میں بنگلہ دیش کی قومی ٹیم کو کسی قابلِ اعتبار یا تصدیق شدہ سکیورٹی خطرے کی عدم موجودگی میں، بی سی بی کی جانب سے میچز انڈیا سے سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی سی سی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بورڈ نے یہ مشکل فیصلہ کیا کہ ٹورنامنٹ کے اتنے قریب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مطالبات پورے کرنا ممکن نہیں تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یہ فیصلہ اس وسیع عمل کے بعد کیا گیا جس کے ذریعے آئی سی سی نے انڈیا میں میچز کی میزبانی سے متعلق بی سی بی کے تحفظات کا جائزہ لیا۔

’تین ہفتوں سے زائد عرصے تک، آئی سی سی نے بی سی بی کے ساتھ شفاف اور تعمیری انداز میں متعدد مراحل پر بات چیت کی، جن میں ویڈیو کانفرنس اور بالمشافہ ملاقاتیں شامل تھیں۔‘

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے ہفتے کو کہا تھا کہ ’بنگلہ دیش کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔ میں نے آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ میں بھی یہی کہا تھا کہ آپ دوہرا معیار نہیں رکھ سکتے ہیں، کہ ایک ملک کے لیے آپ کہیں جو مرضی جب مرضی فیصلہ کر لے اور دوسرے ملک کے لیے بالکل ہی الگ فیصلہ کریں۔‘

سکاٹ لینڈ ابتدائی طور پر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا تھا۔ تاہم اس کی رینکنگ نمیبیا، متحدہ عرب امارات، نیپال، امریکہ، کینیڈا، عمان اور اٹلی سے بہتر ہونے کے باعث اسے بنگلہ دیش کی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ