بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو کہا ہے کہ اس کی ٹیم آئندہ ماہ ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے انڈیا نہیں جائے گی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سات فروری سے انڈیا اور سری لنکا میں کھیلا جانا ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کے باعث انڈیا میں کھیلنے سے انکار کیا ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے درخواست کی تھی کہ ان کے میچز کو شریک میزبان سری لنکا منتقل کیے جائیں۔
تاہم آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو ہدایت دی تھی کہ وہ ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز کھیلنے پر رضامند ہو، ورنہ ٹورنامنٹ سے باہر کیے جانے کا خطرہ ہے۔
یہ تنازع 3 جنوری کو اس وقت شروع ہوا جب انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو انڈین بورڈ نے ہدایت دی کہ وہ بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مصطفیض الرحمان کو ٹیم سے نکال دیں، جس پر ڈھاکہ میں شدید ردِ عمل سامنے آیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اب خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے انڈیا نہ جانے کا اعلان کیا ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے صحافیوں نے ٹورنامنٹ سے اپنی ٹیم کی شمولیت کو خارج الامکان قرار دیتے ہوئے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ’ہمارا واحد مطالبہ ورلڈ کپ کھیلنے کا ہے لیکن انڈیا میں نہیں۔‘
اس اعلان سے قبل آئی سی سی نے بدھ کو کہا تھا کہ اس نے بنگلہ دیش کی انڈیا سے میچز منتقل کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔
آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’کسی بھی آزاد سکیورٹی رپورٹ کے نہ ہونے کی صورت میں جو بنگلہ دیش کی ٹیم کی حفاظت کو خطرہ پہنچائے‘، آئی سی سی میچز کو منتقل نہیں کرے گی۔‘