پی ایس ایل: عماد اور حیدر کی ’وننگ پارٹنر شپ‘، اسلام آباد فائنل میں

اسلام آباد یونائیٹڈ دوسرے ایلیمینیٹر میں حیدر علی اور عماد وسیم کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے حیدر علی 16 مارچ، 2024 کو کراچی میں پی ایس ایل 9 کے دوسرے ایلیمینیٹر میں پشاور زلمی کے خلاف ایکشن میں (اے ایف پی)

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہفتے کو پاکستان سپر لیگ 9 کے دوسرے ایلیمینیٹر میں حیدر علی اور عماد وسیم کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اس کا مقابلہ پیر کو ملتان سلطانز سے ہو گا۔

آج کراچی میں کھیلے گئے میچ میں زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صائم کے عمدہ 73 رنز کی مدد سے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔

صائم نے کپتان بابر اعظم کے ہمراہ جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ دونوں بیٹرز نے مل کر 72 رنز جوڑے۔ بابر 25 رنز بنا کر آٹھویں اوور میں نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

صائم نے دوسری وکٹ کے لیے محمد حارث کے ہمراہ 59 رنز بنائے۔ دونوں نے سکور 131 رنز پر پہنچا کر ٹیم کو اچھی پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔

15ویں اوور میں آؤٹ ہونے والے صائم نے 44 گیندوں پر جارحانہ 73 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے چار چھکے اور چھ چوکے لگائے۔

اگلے ہی اوور میں حارث بھی نسیم کا نشانہ بن گئے۔ انہوں نے 25 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔

آخری اوورز میں ٹام کوہلر کیڈمور (نو گیندوں پر 18 رنز) اور عامر جمال (نو گیندوں پر 17 رنز) نے مختصر لیکن تیزی سے رنز بنائے، جس کی وجہ سے زلمی مقررہ 20 اوورز میں 185 رنز تک پہنچ سکی۔

اسلام آباد کے سب سے کامیاب بولر نسیم تھے، جنھوں نے 30 رنز دے کر تین وکٹیں لیں۔ ان کے علاوہ اوبید مکوائے اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آج صائم کی پرفارمنس صرف بیٹنگ تک محدود نہیں تھی۔ انہوں نے ابتدائی اوورز میں دو وکٹیں لے کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیک فٹ پر ڈال دیا۔

صائم نے اسلام آباد کی اننگز کے پہلے ہی اوور میں ایلکس ہیلز کو ایک رن پر چلتا کیا، پھر تیسرے اوور میں آغا سلمان کو بھی بولڈ کر دیا۔

اسلام آباد کے ٹاپ چار بیٹر محض 50 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ مارٹن گپٹل نے 34 رنز بنائے تو کپتان شاداب صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پانچویں وکٹ کے لیے اعظم خان اور عماد وسیم نے اچھے رن ریٹ پر 41 رنز بناتے ہوئے سکور کو 11 ویں اوور میں 91 تک پہنچا دیا، جب اعظم (22 رنز) بولڈ ہو گئے۔

اس موقعے پر حیدر علی آئے اور عماد کے ساتھ مل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ دونوں نے جم کر زلمی کے بولرز کو میدان کے چاروں جانب خوب شاٹس لگائے۔

حیدر نے 29 گیندوں پر 52 رنز بنائے تو عماد نے 40 گیندوں پر 59 رنز بنا کر ایک اوور پہلے ہی 186 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔

حیدر نے اپنی خوبصورت اننگز میں پانچ چھکے اور دو چوکے لگائے۔ پشاور کے صائم نے دو جبکہ لوک ووڈ، مہران ممتاز اور خرم شہزاد نے ایک، ایک وکٹ لی۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ