بالی ووڈ اداکار اکشے کمارانڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم دہلی ڈیئر ڈیولز (ڈی ڈی) کو بھاری نقصان سے بچا چکے ہیں۔ ٹیم کی بقا کے لیے اکشے نے ٹیم کے ساتھ اپنا کنٹریکٹ ختم کر دیا جس کے نتیجے میں انہیں کروڑوں انڈین روپے کا معاوضہ چھوڑنا پڑا۔
اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق اکشے فوری طور معاوضہ چھوڑنے پر تیار ہو گئے حالانکہ ان کی ٹیم اس سلسلے میں پوری طرح سے قائل نہیں تھی۔
معروف کرکٹ منتظم امرت ماتھر نے اپنی سوانح حیات ’پچ سائیڈ: مائی لائف ان انڈین کرکٹ‘ میں تفصیل سے بتایا ہے کہ کس طرح اکشے نے ٹیم کی تشہیری فلموں کی شوٹنگ، استقبالیہ اور دیگر تقریبات میں شرکت کے لیے ڈیئر ڈیولز کے ساتھ تین سال کے معاہدے پر دستخط کیے۔
کوٹلہ سٹیڈیم میں اکشے کے ٹیم کے لیے زبردست کام کے باوجود ٹیم ان سے خاطر خواہ فائدہ نہ اٹھا سکی۔ کیوں کہ ٹیم کو نہیں معلوم تھا کہ ان کا مؤثر طریقے سے کیسے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ سیزن کے اختتام پر ٹیم کو سنگین مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیم نے اکشے کے ساتھ معاہدے کو منسوخ کرنے یا اس پر دوبارہ بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا۔
ماتھر کے مطابق اکشے کا ٹیم کے ساتھ معاہدہ قبل از وقت ختم نہیں کیا جاسکتا تھا۔ ٹیم نے انہیں تین سال تک کام کرنے کی ضمانت دی تھی۔ جب ٹیم کے وکلا نے دوبارہ مذاکرات کی کوشش کی تو انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اکشے کے وکلا کا کہنا تھا کہ معاہدے میں تبدیلیوں کی اجازت نہیں۔ انہوں نے مکمل ادائیگی پر زور دیا۔ ماتھر لکھتے ہیں کہ ’تباہ کن مالی نتائج اور کفایت شعاری کو مدنظر رکھتے ہوئے، فلم سٹار ایسی مالی ذمہ داری بن گئے جسے بچنا ممکن تے تھا۔ یہ جانتے ہوئے کہ کوئی قانونی راستہ دستیاب نہیں، ٹیم نے اکشے سے رحم کی اپیل کی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ماتھر نے کہا کہ ان پر مسئلہ حل کرنے کی ذمہ داری تھی۔ انہوں نے یاد کیا کہ کس طرح وہ ’چاندنی چوک ٹو چائنا‘ کی شوٹنگ کے دوران اکشے کمار کے ساتھ ملے۔ جب ماتھر نے اکشے کو ٹیم کی مالی پریشانیوں کے بارے میں بتایا تو اکشے کا جواب تھا کہ ’کوئی مسئلہ نہیں جی۔ اگر بات نہیں بن رہی تو چلو اسے ختم کرتے ہیں۔‘ مجھے لگا کہ میں ان کی بات ٹھیک سے نہیں سنی۔‘
ماتھر کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے تذبذب کا شکار دیکھ کر انہوں نے آہستہ سے کہا اس کو ختم کر دیتے ہیں۔‘ جب میں معاہدے کی سخت شرائط کے بارے میں بات کی تو انہوں نے دوبارہ یقین دلایا کہ ’کوئی بات نہیں۔ میں لایئر کو بول دوں گا۔‘
اتنے برسوں کے بعد بھی میں حیران ہوں کہ اکشے نے اتنی بڑی رقم معاف کردی۔ جیسے کوئی فوری فیصلہ کرتا ہے حالاں کہ وہ ہمیں معاہدے کی شرائط پوری کرنے پر مجبور کر سکتے تھے۔ اکشے کمار اگلی بار اکشے کمار ٹائیگر شروف کے ساتھ فلم ’بڑے میاں چھوٹے میاں‘ میں نظر آئیں گے۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔