ریڈ سی فیسٹیول: ایک پاکستانی نے اکشے کمار سے کیا پوچھا؟

اکشے کمار نے سوال پورا ہوئے بغیر فوراً جواب دیا کہ ’سر، یہ ( بیل باٹم) صرف ایک فلم ہے۔ اسے زیادہ سیریس مت لیں۔‘

تصویر کیپشن: انڈٰین اداکار اور فلم پروڈیوسر اکشے کمار تین دسمبر 2022 کو جدہ، سعودی عرب میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران ریڈ سی مال میں موجود (اے ایف پی)

ریڈ سی فلم فیسٹیول میں کل شام جب اکشے کمار نے اینٹری دی تو زیادہ تر حاضرین بہت پرجوش تھے، جہاں ’اکشے، اکشے‘ کے نعرے لگے وہیں چشم فلک نے یہ نظارہ بھی دیکھا کہ چند لوگ دوران سیشن بطور احتجاج اٹھے اور ہال سے رخصت ہو گئے۔

اکشے کمار کی گفتگو میں جب ان کی فلم ’ٹوائلٹ‘ کا ذکر آیا تو انہوں نے اس فلم کی یادداشتیں دہراتے ہوئے بیچ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کی اور کہا کہ ’انڈیا میں عام آدمی کے حالات بہت زیادہ بدلے ہیں اور یہ سب ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی کی وجہ سے ہے۔ وہ انڈیا کے پہلے وزیر ہیں جنہوں نے ’سواچ بھارت‘ کے حوالے سے بات کی ہے۔

پانچ لوگ اس تعریف کے دوران اٹھے اور ہال سے رخصت ہو گئے لیکن فلم ابھی باقی تھی۔

سوال جواب کا سیشن شروع ہوا تو سامعین کے درمیان سے ایک پاکستانی اداکار و فلم پروڈیوسر جن کا نام عدنان بشیر خان ہے، ان کا سوال آیا۔

’میں آپ کے پڑوسی ملک سے ہوں سر، پاکستان سے، آپ نے پیڈ مین اور ٹوائلٹ جیسی لاجواب فلمیں بنائی ہیں۔ آپ اصلاحی فلمیں بناتے ہیں، عام آدمی کے لیے ان میں کوئی نہ کوئی پیغام ہوتا ہے اور عوام کی زندگی کے مسئلے حل کرنا یقیناً قابل ستائش ہے۔ میری ایک درخواست ہے، بھارت اور پاکستان کے درمیان بھی ایک مسئلہ چلا آ رہا ہے اور اسی حوالے سے آپ کی حالیہ فلم بیل باٹم میں ہمارے ملک پاکستان کے خلاف بھی چند چیزیں دکھائی گئی ہیں۔‘

اکشے کمار نے سوال پورا ہوئے بغیر فوراً جواب دیا کہ ’سر، یہ صرف ایک فلم ہے۔ اسے زیادہ سیریس مت لیں۔ ایسی بہت سی چیزیں یقیناً موجود ہیں لیکن یہ محض ایک فلم ہے۔‘

’بیل باٹم‘1980 کی دہائی میں ایک انڈین طیارے کی ہائی جیکنگ کے تناظر میں بنی ہوئی ایک فلم ہے جس میں اکشے کمار نے بھارتی خفیہ ایجنٹ کا کردار ادا کیا گیا ہے۔ تاہم اس فلم پر سعودی عرب، کویت اور قطر میں پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

اکشے کمار گذشتہ چند برسوں کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی اور انڈین وزیر اعظم نرنیدر مودی سے بڑھتی ہوئی قربت کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوران گفتگو اکشے کمار نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ سیکس ایجوکیشن کے حوالے سے ایک فلم بنانے جا رہے ہیں جو اگلے برس (2023) کی پہلی سہ ماہی تک مکمل ہو جائے گی۔

انہوں نے فلم کے ہدایتکار یا کاسٹ کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی لیکن ان کا کہنا تھا کہ اپریل یا مئی 2023 تک یہ فلم ریلیز کر دی جائے گی۔

’میں سیکس ایجوکیشن پر ایک فلم بنا رہا ہوں۔ یہ انتہائی اہم موضوع ہے۔ ہمارے ہاں نصاب میں ہر طرح کے مضامین ہوتے ہیں جو ہم سکول میں پڑھتے ہیں۔ اسی طرح جنسی تعلیم بھی الگ ایک مضمون ہے، میں چاہتا ہوں کہ دنیا کے تمام سکولوں میں یہ رائج ہو کیوں کہ اس کی اہمیت بھی باقی مضامین جیسی ہے۔‘

سماج سدھار کے حوالے سے اکشے کمار کی فلمیں ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ اور ’پیڈمین‘ گذشتہ برسوں کے دوران بہت مقبول رہی ہیں۔ اس حوالے سے اکشے کمار نے پروگرام کے ماڈریٹر اور ریڈ سی فلم فیسٹیول کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل پروگرامنگ کلیم آفتاب سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس طرح کی فلمیں بنانا پسند ہے۔ ’ایسی فلمیں تجارتی طور پہ زیادہ کامیاب نہ بھی ہوں لیکن مجھے اطمینان ضرور دیتی ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم