ریڈ سی فیسٹیول میں کپل دیو پر بنی فلم ’83‘ کا پریمیئر

اس فیسٹیول میں کبیر خان کی ہدایات میں بننے والی بالی وڈ فلم ’83‘کا ورلڈ پریمیئر بھی ہوا، جو سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو کی کہانی بیان کرتی ہے، جس کا مرکزی کردار رنویر سنگھ نے ادا کیا ہے۔

سعودی عرب کے شہر جدہ میں رنگا رنگ ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے، جس کے دوران سعودی فلمسازوں اور فنکاروں کے علاوہ دنیا بھر سے فنکاروں نے شرکت کی اور چار چاند لگائے۔

اس فیسٹیول میں بالی وڈ فلم ’83‘ کا ورلڈ پریمیئر بھی ہوا۔ ہدایت کار کبیر خان کی یہ فلم سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو کی کہانی بیان کرتی ہے، جس میں مرکزی کردار رنویر سنگھ نے ادا کیا ہے۔

کپل دیو نے 1983 میں لندن میں ہونے والی کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کو پہلی فتح دلائی تھی۔

’83‘ ایک پیچیدہ فلم ہے، جس میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی اس فتح کو دوبارہ تخلیق کیا گیا ہے جبکہ اس فلم میں کام کرنے والے اداکاروں نے ان کھلاڑیوں کی نگرانی میں مہینوں تربیت حاصل کی، جن کی وہ نمائندگی کرنے جارہے تھے۔

پریمیئر کے موقع پر ہدایت کار کبیر خان، سابق بھارتی کرکٹرز مہندر امرناتھ اور کپل دیو کے ساتھ ساتھ اداکار رنویر سنگھ اور دپیکا پاڈوکون نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں مہندر امرناتھ نے کہا: ’میرے خیال میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی فلم ہے اور مجھے خوشی ہے کہ اس کی ہدایات کبیر خان کے حصے میں آئی کیونکہ ان میں جنون ہے اور وہ کھیل سے محبت کرتے تھے۔‘

دوسری جانب کپل دیو نے کہا: ’اس فلم سے پہلے میں سوچتا تھا کہ فلمیں بہت آسان ہیں، لیکن جب میں نے ان لڑکوں کو اس سب سے گزرتے ہوئے دیکھا تو میں نے کہا کہ یہ ہمارے تصور سے کہیں زیادہ مشکل ہے۔‘

1983 میں بھارتی ٹیم کی فتح کے حوالے سے مہندرا امرناتھ نے کہا: ’میں سمجھتا ہوں کہ (وہ) جیت بھارت کے لیے بہت بڑی تھی کیونکہ میرے خیال میں اصل اچھی چیزیں 1983 کے بعد سامنے آنا شروع ہوئی تھیں اور مجھے خوشی ہے کہ ہم نے اس کھیل کو بڑا بنانے میں کچھ حصہ ڈالا۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’میرے خیال میں یہ 1983 کا آغاز تھا۔‘

کپل دیو نے بھارتیوں کی کرکٹ سے محبت کو بیان کرتے ہوئے کہا: ’ہمارے ملک میں کرکٹ کو ہر کوئی پسند کرتا تھا اور یہ (فتح) ملک کے لیے ضروری تھی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ساتھ ہی انہوں نے کہا: ’یہ سب سے اہم چیز ہے۔ ہم بہت فخر محسوس کرتے ہیں۔ ہم نے وہ حاصل کیا جس کی کسی کو توقع نہیں تھی اور ملک ایک ہوگیا۔‘

دوسری جانب فلم ’83‘ کے ڈائریکٹر کبیر خان نے اے ایف پی سے بات چیت میں فیسٹیول میں شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا: ’ریڈ سی فلم فیسٹیول میں آکر بہت پرجوش ہوں۔ یہ ایک ورلڈ پریمیئر ہے اور پہلی بار ہے جب ہم اسے بڑی تعداد میں ناظرین کے سامنے دیکھنے جا رہے ہیں۔‘

کبیر خان نے مزید کہا: ’مجموعی طور پر اس خطے نے ہمیشہ بھارتی سینیما کو بہت مضبوطی سے سپورٹ کیا ہے۔ اس لیے میرے خیال میں سب کچھ اپنے مقام پر آگیا ہے اور ہم یہاں ورلڈ پریمیئر کے انعقاد پر بہت پرجوش ہیں۔‘

بالی وڈ اداکار سلمان خان نے بھی اپنی ٹیم کے ساتھ حال ہی میں سعودی عرب میں جاری ریاض سیزن میں شرکت کی تھی۔

’دا بینگ ٹور‘ میں سلمان خان کے ساتھ شلپا شیٹی، جیکولین فرنینڈز، سائی منجریکر، پربھو دیوا، سہیل خان، سنیل گروور، کمال خان اور آیوش شرما کی پرفارمنس بھی شامل تھی۔

اس موقع پر سلمان خان کے ہاتھ کے نقش بھی لیے گئے جسے ریاض کے تاریخی بلیوارڈ میں لگایا جائے گا۔

بھارتی سپر سٹار نے 10 دسمبر کو ریاض میں میوزیکل کنسرٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے مدعو کیے جانے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم اپنی طرف سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم یہاں بار بار آئیں گے، ہم آپ کی تفریح کے لیے پوری کوشش کریں گے، ہم یہاں اپنی فلمیں لائیں گے، ہم یہاں اپنے کنسرٹ کریں گے، ہم آپ کو معیاری، اچھی، صاف ستھری اور لطف اندوز ہونے والی تفریح فراہم کریں گے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم