بالی وڈ اداکار سلمان خان سمیت دیگر بھارتی فنکار سعودی عرب میں جاری رنگا رنگ ریاض سیزن میں موجود ہیں، جہاں دبنگ خان کی قیادت میں ایک ٹیم 10 دسمبر کو ریاض کے بلیوارڈ میں واقع انٹرنیشنل ایرینا میں مرکزی سٹیج سنبھالے گی۔
عرب نیوز کے مطابق دورے کے دوران لائیو کنسرٹ میں بھارت کی مشہور شخصیات اپنے سامعین اور ناظرین کو محظوظ کرنے کے لیے رقص، گانے، مزاحیہ اداکاری اور بہت کچھ پیش کریں گی۔
اس دورے میں شلپا شیٹی، جیکولین فرنینڈز، سائی منجریکر، پربھو دیوا، سہیل خان، سنیل گروور، کمال خان اور آیوش شرما کی پرفارمنس بھی شامل ہوگی۔
جمعے کی شب ریاض میں میوزیکل کنسرٹ سے قبل جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے مدعو کیے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی (جی ای اے) کے چیئرمین ترکی الشیخ کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اتنے بڑے پیمانے پر بالی وڈ کا پہلا کنسرٹ کرنے کا موقع دیا۔
بھارتی سپر سٹار نے کہا کہ ’ہم اپنی طرف سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم یہاں بار بار آئیں گے، ہم آپ کی تفریح کے لیے پوری کوشش کریں گے، ہم یہاں اپنی فلمیں لائیں گے، ہم یہاں اپنے کنسرٹ کریں گے، ہم آپ کو معیاری، اچھی، صاف ستھری اور لطف اندوز ہونے والی تفریح فراہم کریں گے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بھارتی ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ جیکولین فرنینڈز شو کے لیے نہیں جائیں گی لیکن سلمان خان نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’وہ کل یہاں کنسرٹ میں ہوں گی اور پرفارم کریں گی۔‘
سعودی عرب میں ہونے والی تبدیلیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا: ’میں چند ماہ قبل دمام آیا تھا، میں نے اس وقت تبدیلی دیکھی تھی اور میں ان چند مہینوں میں ایک بار پھر زبردست تبدیلی دیکھ رہا ہوں۔ حقیقت میں تبدیلی یہ ہے کہ ہم پہلی بار یہاں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ میں تمام چہروں پر تبدیلی دیکھ رہا ہوں، میں آپ کے چہروں پر مسکراہٹیں دیکھ رہا ہوں اور آپ کے چہرے پر مسکراہٹ سے بہتر کیا ہو سکتا ہے۔‘
انہوں نے اپنے مداحوں سے مسلسل تفریح کا وعدہ کرتے ہوئے کہا: ’میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں بہت جلد آپ کے لیے بہت زیادہ فلمیں اور تفریح کے ساتھ دوبارہ آؤں گا۔‘
سعودی عرب میں اپنی فلموں کی شوٹنگ اور باہمی تعاون کے بارے میں انہوں نے کہا: ’ہم کچھ فلموں کی شوٹنگ یہاں کرنے کی کوشش کریں گے، کیونکہ یہاں بہت سے خوبصورت مقامات ہیں۔ مزید برآں جب بھی سعودی عرب میں محفلوں اور تفریح کے لیے میری ضرورت پڑے گی تو میں اس کے لیے دستیاب رہوں گا۔‘
بھارتی اداکارہ شلپا شیٹی نے کہا: ’مجھے یہاں آکر خوشی ہوئی ہے۔ ڈھائی سال کے بعد میں اپنے گھر سے ایک دورے کے لیے نکلی اور پہلا سفر جو میں نے کیا ہے وہ سعودی عرب کا ہے، مجھے یہاں لانے پر دا بینگ ٹور کا شکریہ۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’میں نے سعودی عرب کے بارے میں پڑھا ہے اور میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ اس تبدیلی کو دیکھنا خوش آئند اور خوشگوار ہے۔ بہت سی غلط فہمیاں ہیں اور میں بہت خوش ہوں کہ واپس جا کر ان تبدیلیوں کے بارے میں کہانیاں سناؤں جو میں نے یہاں دیکھی ہیں۔‘
جس کنسرٹ کا بے چینی سے انتظار کیا جا رہا تھا وہ بلیوارڈ میں بین الاقوامی سطح پر ہوگا، جو ریاض سیزن میں تفریح کی تلاش میں آنے والوں کے لیے سب سے پرکشش زونز میں سے ایک ہے۔