سعودی عرب کے شہر العلا میں ’ارضنا‘ کے عنوان سے جدید آرٹ کی نمائش یکم فروری سے شروع ہو گئی ہے۔
15 اپریل تک جاری رہنے والی یہ نمائش العلا کے پانچویں آرٹس فیسٹیول کا حصہ ہے۔
جدید آرٹ کی یہ نمائش سعودی عرب کی شاہی کمیشن برائے العلا (آر سی یو) اور فرانس کے مشہور پومپیدو سینٹر کے درمیان اہم شراکت داری کی عکاسی کرتی ہے۔
نمائش کے عنوان ارضنا (ہماری زمین) میں انسانیت، فطرت اور زمین کے درمیان تعلق پر توجہ مرکوز کی گئی ہے اور العلا میں مستقل جدید آرٹ میوزیم کے قیام کی جانب ایک قدم ہے۔
ارضنا صرف ایک عارضی نمائش نہیں بلکہ اس کا اہتمام مقامی لوگوں اور بین الاقوامی برادری کو میوزیم کی مجموعی حکمت عملی سے متعارف کرانے کے لیے کیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ نمائش مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور باقی دنیا کے درمیان رابطے پر زور دیتی ہے۔
نمائش میں سعودی عرب، علاقائی ممالک اور عالمی فن کاروں کے 80 سے زائد فن پارے رکھے گئے ہیں جو زمین، صحرا، ماحول اور انسانی تاریخ کے باہمی تعلق کو مختلف زاویوں سے بیان کرتے ہیں۔
نمائش میں عالمی شہرت یافتہ فن کاروں پابلو پکاسو، ڈیوڈ ہاکنی، لوران گراسو اور طارق عطوی کے فن پارے شامل ہیں جب کہ فرانس کے سینٹر پومپیدو سے مستعار لیے گئے فن پارے بھی اس کا حصہ ہیں۔
یہ فیسٹیول سعودی عرب کے ثقافتی کلینڈر میں ایک اہم موڑ ہے، جو دنیا بھر سے آرٹ کے شائقین کو قدیم صحرا کی خوبصورتی کی جانب مدعو کرتا ہے۔
ارضنا کے اہتمام کو سعودی عرب میں فنون لطیفہ کی تاریخ کا ایک اہم موڑ سمجھا جا رہا ہے کیوں کہ اس نے العلا کے تہذیبی ورثے کو مستقبل کے عالمی فن سے ہم آہنگ کرنے کی ایک واضح سمت متعین کی ہے۔