بھارت کے بڑے فلم سٹار اکشے کمار نے ہفتے کو بھارتی فلم انڈسٹری میں منشیات کے مسئلے کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے یہ اعتراف اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد بولی وڈ میں منشیات کے معاملے کی چھان بین شروع ہونے کے بعد کیا۔
فلموں کے شوقین بھارت کو سوشانت کی موت کے واقعے نے ہلا کر رکھ دیا ہے۔ آنجہانی اداکار جون میں ممبئی میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے تھے۔ پولیس نے ان کی موت کو خود کشی قرار دیا تھا۔
34 سالہ اداکار کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے ہونے والی چھان بین کا دائرہ بھارتی فلمی صنعت میں منشیات کے کاروبار تک پھیل گیا ہے۔ آنجہانی اداکار کی سابق گرل فرینڈ ریاچکرورتی کو اداکار کے لیے مبینہ طور پر حشیش خریدنے پر گرفتار کرلیا گیا تھا۔
اب بھارتی میڈیا بھی کئی ارب ڈالرز کی فلمی صنعت میں نام نہاد موجود ڈرگ مافیا کی وسیع تر تحقیقات کے مطالبے میں شامل ہو گیا ہے۔
اکشے کمار نے ہفتے کو ٹوئٹر پر تقریباً چار منٹ کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے فلمی صنعت کے مداحوں سے کہا کہ وہ ہر کسی کو ایک جیسا نہ سمجھیں۔'میں کس طرح اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر جھوٹ بول سکتا ہوں کہ منشیات اور نشہ آور مواد کا مسئلہ ہماری صنعت میں موجود نہیں ۔'
53 سالہ اکشے کمار کی ویڈیو کو اڑھائی لاکھ سے زیادہ باردیکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا: 'منشیات کا مسئلہ ہمارے پیشے میں انہیں مسائل کی طرح موجود ہے جو ہر دوسرے پیشے میں ہیں۔ لیکن یہ کہنا کہ ہر پیشے میں ہو کوئی ان مسائل میں ملوث ہوتا ہے، غلط ہو گا۔'
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
متعدد بڑی اداکاراؤں جن میں 34 سالہ دپیکاپڈوکون، سارہ علی خان، شردھا کپور اور پاکول پریت سنگھ شامل ہیں، کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا جا چکا ہے۔
بولی وڈ کے کیس میں قومی سطح پر زیادہ دلچسپی گذشتہ ماہ اس وقت انتہا کو پہنچی جب ٹیلی ویژن چینل'ٹائمزناؤ'نے حشیش کی خریداری کے بارے میں وٹس ایپ پر ہونے والی گفتگو کے کچھ حصے نشر کیے اور دعویٰ کیا کہ جن دو افراد میں بات چیت ہوئی ان میں پڈوکون اور ان کا مینیجر شامل ہیں۔
دریں اثنا سوشانت سنگھ راجپوت کے خاندان نے ان اطلاعات کو مسترد کر دیا کہ آنجہانی اداکار ڈپریشن کا شکار تھے۔ خاندان نے ریاچکرورتی پر ان کی دولت چوری کرنے اور انہیں ہراساں کرنے کا الزام بھی لگایا ہے۔ بھارتی میڈیا 28 سالہ چکرورتی اور ان کے خاندان کے پیچھے پڑا ہوا ہے جب کہ انہوں نے کسی بھی غلط کام کا انکار کیا ہے۔