سوشانت کو منشیات 'فراہم' کرنے پر سابق گرل فرینڈ جیل منتقل

ریا کے علاوہ ان کے بھائی اور سوشانت کے گھر میں کام کرنے والے عملے کے ایک رکن سمیت دیگر افراد زیر حراست۔

سوشانت سنگھ راجپوت کے اہلخانہ نے  ریا چکرورتی پر  اداکار سے پیسے ہتھیانے اور انہیں ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا، جس کی وہ تردید کرچکی ہیں ( ریا چکروتی انسٹاگرام اکاؤنٹ)

بالی وڈ اداکارہ ریا چکورتی کو ان کے سابق بوائے فرینڈ اور اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے لیے منشیات خریدنے کے الزام میں منگل کو گرفتار کرنے کے بعد آج 22 ستمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

34 سالہ سوشانت جون میں ممبئی میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، ان کی خودکشی کے بعد بھارتی میڈیا میں قیاس آرائیوں کا ایک طوفان آ گیا تھا۔ بالی وڈ کو متعدد ہٹ فلمیں دینے والے سٹار کی خود کشی کے بعد اس انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کی ذہنی صحت پر بھی بحث شروع ہوگئی تھی۔

تاہم سوشانت کے اہل خانہ نے ان خبروں کو مسترد کردیا تھا کہ وہ ڈپریشن کا شکار تھے۔ اس کی بجائے انہوں نے 28 سالہ ریا چکرورتی پر سوشانت سے پیسے ہتھیانے اور انہیں ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا، لیکن ریا نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی تھی۔ ریا کے علاوہ پولیس نے ان کے بھائی اور سوشانت راجپوت کے گھر میں کام کرنے والے عملے کے ایک رکن سمیت دیگر افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔

بھارت کی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن گذشتہ ماہ سے سوشانت کی موت کی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ منشیات کنٹرول بیورو (این سی بی) اس بات کی تفتیش کر رہا ہے کہ کہیں اداکار منشیات کا استعمال تو نہیں کر رہے تھے۔ این سی بی کے ڈائریکٹر موتھا اشوک جین نے صحافیوں کو بتایا: 'ہم تمام مشتبہ افراد کی ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کریں گے۔'

سوشانت سنگھ راجپوت کے اہل خانہ اور ریا کے مابین ایک دوسرے پر الزام تراشیوں کا سلسلہ کئی ماہ سے جاری ہے، جو اکثر وبیشتر میڈیا کی خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں۔

اداکارہ سونم کپور اور ہدایت کار انوراگ کشپ سمیت کچھ مشہور شخصیات نے ٹی وی چینلز پر الزام لگایا کہ سوشانت کے اہل خانہ ریا کے خلاف پراپیگنڈہ کر رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں پیدا ہونے والے سوشانت سنگھ راجپوت نے اداکاری اور رقص میں کیریئر کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی  انجینیئرنگ کی تعلیم ادھوری چھوڑ دی تھی۔ انہیں 2013 میں فلم 'کئی پو چی'  سے شہرت ملی، جو کرکٹ، پیار اور سیاست کے موضوعات پر مبنی تھی اور جسے برلن کے فلمی میلے میں بھی پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔

2016 میں بھارتی کرکٹر مہیندر سنگھ دھونی کی سوانح حیات پر مبنی فلم میں ان کے کردار پر بھی سوشانت کو بہت سراہا گیا۔ رواں برس خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے سوشانت نے مذکورہ فلم کی شوٹنگ کے دوران ان جذباتی لمحات کے حوالے سے بات کی تھی جب دھونی کی گرل فرینڈ کی موت ہوگئی تھی۔

انہوں نے بتایا تھا: 'تمام تیاری کے بعد، میں خود کو ان کی جگہ تصور کر رہا تھا اور جو کچھ بھی ہو رہا تھا وہ درحقیقت مجھ پر اثر انداز ہو رہا تھا۔'

سوشانت کی آخری فلم 'دل بیچارہ' ان کی موت کے ایک ماہ بعد جولائی میں ریلیز کی گئی، جو ہالی وڈ کی رومانوی فلم 'دی فالٹ ان آور سٹارز' کا ہندی ری میک تھا۔

زیادہ پڑھی جانے والی فلم