انڈیا کے سابق کرکٹر گوتم گمبھیر نے کہا ہے کہ شاہ رخ خان نے آئی پی ایل میں ان کے بدترین دور میں عین اس وقت مدد کی تھی جب وہ رنز نہیں بنا پا رہے تھے اور انہیں کپتانی چھوڑنے سے روک دیا تھا۔
جریدے انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مینٹور کے طور پر کام کرنے والے کرکٹر نے بالی وڈ سپر سٹار کو ’ بہت بڑا کامیاب‘ انسان قرار دیا ہے۔
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ اپنے ابتدائی دور میں، گوتم گمبھیر ٹیم کے کپتان تھے۔ کے کے آر کے آفیشل یوٹیوب چینل کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک حالیہ ویڈیو میں گوتم گمبھیر کرکٹر منیش پانڈے کے ساتھ سائرس بروچا سے بات چیت کر رہے تھے، جنہوں نے سابق کرکٹر سے شاہ رخ خان کے متعلق پوچھا۔
جواب میں گوتم کا کہنا تھا کہ ’میں ایک رن بھی نہیں بنا سکا۔ وہ سب سے اچھا ٹیم مالک ہے جس کے ساتھ میں نے کام کیا اور اس کی وجہ یہ نہیں ہے کہ میں کے کے آر کا حصہ ہوں یا تھا۔
’مجھے نہیں لگتا کہ میری کپتانی کے سات سالوں میں، ہم نے سات منٹ بھی کرکٹ سے متعلق بات چیت کی ہو، سوائے اس دور کے جس سے میں گزر رہا تھا۔ اس وقت بھی ہم نے یہ بات چیت اس لیے کی تھی کیونکہ میں کپتانی چھوڑنے والا تھا۔‘
گمبھیر نے کہا کہ جب شاہ رخ کو اس کے بارے میں پتہ چلا تو انہوں نے کرکٹر کی ناقابل یقین حد تک معاونت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی اور پلیئنگ الیون کا حصہ رہنے کے لیے حوصلہ افزائی کی۔
گمبھیر نے کہا کہ خان نے ان پر اعتماد دکھایا اور انہیں کھیل پر دوبارہ توجہ مرکوز کرنے پر مجبور کیا، اور جیسے جیسے چیزیں آگے بڑھیں، انہوں نے کامیابی کے ساتھ اس مرحلے پر قابو پا لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے مجھ سے صرف ایک بات کہی تھی کہ آپ یہیں ہیں اور آپ اس وقت تک یہاں ہیں جب تک آپ یہاں رہنا چاہتے ہیں۔ آپ خود ٹیم نہیں چھوڑیں گے۔
’میں نے سوچا کہ ایک کپتان کی حیثیت سے سب سے پہلے مجھ میں پلیئنگ الیون کا حصہ بننے کی ہمت ہونی چاہیے، پلیئنگ الیون کا حصہ بننا میرا حق ہونا چاہیے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’میں نے انہیں یہ بات بتائی اور جب کرکٹ کی بات آتی ہے تو سات سالوں میں ان کے ساتھ میری یہی واحد گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے مجھ سے کہا کہ آپ خود ٹیم نہیں چھوڑیں گے، جو بھی ہو، آپ سب میچ کھیلیں گے اور پھر حالات بدل گئے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’کسی ایسے شخص کا تصور کریں جو خود اتنا بڑا کارنامہ انجام دے چکا ہو اور کرکٹ کے بارے میں بات بھی نہ کرے اور آپ سے فیصلہ سازی کے بارے میں ایک بھی چیز پوچھے۔
’وہ آپ کے فیصلے پر اعتماد کرے۔ میں یہ نہیں کہتا کہ میں نے ان سات سالوں میں تمام فیصلے صحیح کیے ہیں، لیکن انہوں نے کبھی سوال نہیں کیا کیونکہ یہ تعلق ہے، ان کا مجھ پر اعتماد ہے۔‘
انڈین پریمیئر لیگ کے گذشتہ سیزنز کے دوران بھی شاہ رخ خان کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے میچ دیکھنے آتے رہے ہیں، جہاں ان کی بیٹی، اداکارہ سہانا خان کو بھی کچھ میچز میں دیکھا گیا تھا۔
بلاک بسٹر 2023 کے بعد شاہ رخ خان اس سال کے آخر میں اپنی اگلی فلم شروع کرنے والے ہیں۔