جنوبی کوریا کے ایک مشہور یوٹیوبر کو آن لائن جھگڑا کرتے ہوئے لائیو سٹریم پر مخالف فریق کو چاقو سے وار کر کے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
متاثرہ شخص بوسن کی ایک عدالت کے باہر سے اپنے تقریباً چار ہزار سبسکرائبرز کے لیے یوٹیوب پر لائیو سٹریم کر رہے تھے۔ وہ ایک مقدمے کی سماعت کے موقعے پر عدالت پہنچے تھے۔ حملے کے ملزم شخص ان کی پشت پر پہنچے اور چاقو سے حملہ کر دیا۔
پولیس جمعرات کی صبح تقریباً 10 بجے موقعے پر پہنچی۔ متاثرہ شخص کے دل کی دھڑکن بند ہو چکی تھی۔ انہیں مقامی ہسپتال لے جایا گیا جہاں تقریباً ایک گھنٹے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
حملے کے ملزم کرائے کی کار میں موقع سے فرار ہو گئے لیکن اس کے فوراً بعد انہیں شمالی گیانگ سانگ صوبے کے شہر گیونگجو سے گرفتار کر لیا گیا۔
مقتول اور ملزم کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
کوریا جونگ انگ ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق پولیس کو شبہ ہے کہ یہ حملہ منصوبہ بندی کر کے کیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ملزم کے یوٹیوب پر تقریباً آٹھ ہزار سبسکرائبرز ہیں۔ ملزم نے مبینہ طور پر ایک روز قبل ایک سپر مارکیٹ سے تیز دھار آلہ خریدا اور کار کرائے پر لی تھی۔
حملے کے بعد انہوں نے اپنے چینل کے کمیونٹی سیکشن میں پوسٹ کیا کہ ’میں اپنے سبسکرائبرز سے معافی چاہتا ہوں جنہوں نے میرا خیال رکھا اور میری حمایت کی۔ لیکن میں کسی ایسے شخص کو معاف نہیں کر سکتا جس نے دوسروں کی خوشیوں کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔ میں کوئی عذر پیش نہیں کروں گا۔ میں اپنے فعل کی ذمہ داری لوں گا۔‘
اطلاعات کے مطابق 50 سال سے زیادہ عمر کے دونوں یوٹیوبرز کے درمیان تقریباً تین سال سے دشمنی چل رہی تھی، جس کی وجہ ’حل طلب قانونی تنازعات‘ تھے۔
دونوں یو ٹیوبر متاثرہ شخص کی طرف سے جسمانی حملے اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی شکایت پر شروع ہونے والے مقدمے کی سماعت میں شرکت کے لیے عدالت پہنچے تھے۔
© The Independent