خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں ابتدائی طور پر ایک لاکھ لوگوں کو حکومت کی جانب سے شمسی نظام فراہم کیے جائیں گے۔
شدید گرم اور حبس والے موسم میں خیبر پختونخوا میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ عروج پر ہے اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کئی بار اس پر اظہارِ برہمی کر چکے ہیں۔
لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے مشیر خزانہ نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ صوبائی حکومت نے ایک لاکھ گھرانوں کو سولر سسٹم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی فراہمی تین کیٹیگری میں کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ صرف سولر سسٹم ہی نہیں اس کے ساتھ تاریں اور انورٹر پنکھے بھی بطور پیکج دیے جائیں گے۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ ’انتہائی غریب گھرانوں کو سولر سسٹم مفت دیے جائیں گے، متوسط طبقے کے لیے 50 فیصد کی قیمت پر اور باقی گھرانوں کو بغیر سود کے آسان ماہانہ اقساط پر فراہم کیے جائیں گے۔‘
مشیر خزانہ نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں چھوٹے بجلی گھروں سے بھی بجلی پیدا کی جا رہی ہے، جس کی قیمت چھ سے سات روپے فی یونٹ ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا شکوہ تھا کہ ’واپڈا ٹرانسمیشن لائنز استعمال کرنے کے لیے اس کی فیس 27 روپے فی یونٹ مقرر کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔‘
وفاق کی طرف صوبے کے واجبات سے متعلق مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ ’وفاقی حکومت کی جانب سے آئل اور گیس کے واجبات کی رقم جاری ہونا شروع ہوئی ہے اور صوبے میں پانی سے بننے والی بجلی کے واجبات ادا کرنے کی بھی وفاق نے یقین دہانی کروائی ہے۔‘
اس سے قبل مشیر خزانہ مزمل اسلم نے انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے اپنے گذشتہ انٹرویو میں شکوہ کیا تھا کہ وفاقی وزیر خزانہ سمیت وفاق کو کئی خط لکھے گئے، مگر صوبائی حکومت کو کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
تاہم اب انہوں نے بتایا کہ وفاق کی طرف سے جواب دیا جاتا ہے اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے بات چیت بھی ہوتی رہتی ہے۔
صحت کے شعبے میں پنجاب کی حکومت نے مختلف اقدامات کیے ہیں، جن میں فیلڈ ہسپتال اور کلینکس آن ویلز شامل ہیں۔
اس حوالے سے مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ ’ہم نے صحت کارڈ عوام کی مرضی پر چھوڑ دیا ہے کہ وہ جہاں چاہیں، جو چاہیں علاج کروائیں۔ ‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہری سرکاری ہسپتال میں علاج کرانا چاہتے ہیں یا نجی ہسپتال میں، پشاور میں کروانا چاہتے ہیں یا چارسدہ، اسلام آباد یا پھر لاہور میں کروانا چاہتے ہیں، پیسے حکومت ادا کرے گی۔‘
سابق وزیر خزانہ تیمور جھگڑا کی جانب سے مشیر خزانہ بننے کی کوششوں سے متعلق قیاس آرائیوں کے حوالے سے مشیر خزانہ مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ ’تیمور جھگڑا میرے بہترین دوست ہیں اور ان سے بات ہوتی رہتی ہے، وہ کام کریں یا میں ایک ہی بات ہے۔‘