پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بدھ (سات اگست) کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں ریاست فلسطین اور ایران کی درخواست پر طلب کردہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس میں اسلام آباد کی نمائندگی کریں گے۔
اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بدھ کو ہی جدہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ او آئی سی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس اجلاس کا مقصد غزہ اور خطے کے دیگر مسلمان ملکوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر بحث اور اس سلسلے میں اسلامی بلاک کی مشترکہ حکمت عملی بنانے کی کوشش کرنا ہے۔
بیان کے مطابق: ’اس غیر معمولی ملاقات میں نائب وزیراعظم غزہ اور مشرق وسطیٰ کے وسیع تر خطے کی مخدوش صورت حال پر پاکستان کے سنجیدہ تحفظات پیش کریں گے۔ وہ امن کی فوری ضرورت اور غزہ کے لوگوں کو امداد کی فراہمی پر زور دیں گے۔
دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ اس موقعے پر نائب وزیراعظم اسلامی تعاون تنظیم کے دیگر رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان کے مطابق: ’فلسطینی کاز کے سخت ترین حامیوں میں سے ایک کے طور پر، پاکستان ہمیشہ او آئی سی سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اپنی آواز بلند کرنے میں سب سے آگے رہا ہے۔‘
اسلامی تعاون تنظیم کی ویب سائٹ کے مطابق او آئی سی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے مقاصد یہ ہیں:
1۔ تنظیم اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کی طرف سے منظور کردہ قراردادوں پر عمل درآمد کی پیروی کرنا، جو او آئی سی کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں یا ان کے مطابق ہیں۔ دیگر اداروں کے ساتھ رابطہ قائم کرنا، اراکین ریاستوں کو قراردادوں پر عمل درآمد، ان کے مقاصد کے حصول اور پیش رفتوں پر اقدامات کے حوالے سے تجاویز پیش کرنا۔
2۔ القدس کے سوال اور تنازعے کے درمیان بنیادی تعلق کے پیش نظر عرب ۔ اسرائیل تنازعے پر تمام قراردادوں پر عمل درآمد کرنا۔
پاکستان او آئی سی کی 16 رکنی کمیٹی کا فعال رکن ہے جبکہ دیگر اراکین میں مراکش، سعودی عرب، اردن، عراق، شام، فلسطینی ریاست، لبنان، موریطانیہ، مصر، بنگلہ دیش، ایران، انڈونیشیا، سنیگال، نائجیریا اور گِینی شامل ہیں۔