پریس فریڈم ایوارڈز کے لیے غزہ کے صحافی نامزد

ایک ایسے وقت میں جب اسرائیلی جارحیت کے باعث صحافیوں کو چیلنجوں کا سامنا ہے، آر ایس ایف نے وائل الدحدوح کی بہادری کو تسلیم کیا ہے۔

وائل الدحدوح کو غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں اپنی اہلیہ اور دو بچوں کی موت کے باوجود کام صحافتی ذمہ داریاں نبھانے پر خراج تحسین پیش کیا گیا (وائل الدحدوح ایکس)

صحافیوں کی عالمی تنظیم رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) نے غزہ میں کام کرنے والے الجزیرہ کے بیورو چیف وائل الدحدوح سمیت 25 دیگر صحافیوں، ٹیموں، فوٹوگرافروں اور دنیا بھر سے ذرائع ابلاغ کے اداروں کو پریس فریڈم ایوارڈز کے لیے نامزد کیا ہے۔

ایک ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات اور اسرائیلی جارحیت کے باعث صحافیوں کو چیلنجوں کا سامنا ہے، پیرس میں قائم تنظیم آر ایس ایف نے وائل الدحدوح کو بے خوف اور بہادری پر مبنی رپورٹنگ کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی کو تسلیم کیا ہے۔

2024 پریس فریڈم ایوارڈ کے لیے نامزد کیے گئے وائل الدحدوح نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران اپنی اہلیہ اور دو بچوں کی موت کے باوجود صحافتی ذمہ داریاں نبھائیں۔

آر ایس ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس سال پریس فریڈم پرائز کے لیے 18 صحافیوں، ان کی ٹیم، دو میڈیا آؤٹ لیٹس اور 22 ممالک سے پانچ فوٹو جرنلسٹ کو انعام کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

آر ایس ایف کا کہنا ہے کہ اس سال ایوارڈ کی پانچ کیٹیگریز رکھی گئی ہیں جن میں چار روایتی انعامات بہادری، اثر انداز ہونے، آزادی اور لوکاس ڈولیگا سیف فوٹو پرائز کے لیے ہیں جب کہ افریقی تحقیقاتی صحافت کے لیے ایک نیا ایوارڈ متعارف کرایا گیا ہے جسے سماجی انصاف کے لیے جدوجہد کرنے والے محمد مایگا کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آر ایس ایف کا کہنا ہے کہ بہادری کے انعام کی کیٹیگری میں نامزد کیے گئے صحافیوں میں الجزیرہ کے غزہ ڈیسک کے سربراہ وائل الدحدوح (فلسطینی) شامل ہیں، جنہوں نے اسرائیلی حملوں میں ذاتی نقصان کے باوجود رپورٹنگ جاری رکھی۔

ان کے ساتھ الجزیرہ ہی کی لبنان میں نامہ نگار كارمن جوخَدار شامل ہیں جو اسرائیلی حملے میں نشانہ بننے کے باوجود رپورٹ کرنے کے لیے واپس آئیں۔

اس فہرست میں چین سے روآن شاؤہوان بھی شامل ہیں جنہوں نے بدعنوانی کو بے نقاب کرنے کی پاداش میں سات سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

اداروں کی کیٹیگری میں ایران انٹرنیشنل اور بی بی سی فارسی کو نامزد کیا گیا ہے جن کے صحافیوں نے ایرانی حکومت کی جانب سے موت کی دھمکیوں اور حملوں کے باوجود تحقیقاتی کام جاری رکھے۔

آزاد صحافت کی کیٹیگری میں آر ایس ایف نے انڈیا کے رویش کمار کو بے خوف اور سچائی پر مبنی رپورٹنگ کے لیے نامزد کیا ہے۔ رویش کمار کی نامزدگی جمہوریت اور احتساب کے لیے ان کے اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے۔

رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے پریس فریڈم ایوارڈز 2024 کی 32 ویں تقریب تین دسمبر 2024 کو واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہوگی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا