خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) سے تعلق رکھنے والے اسمار حسین بلوچ کو جدید کمیرے بنانے والی معروف کمپنی سونی نے تین برس سے لینڈ سکیپ فوٹوگرافی میں پاکستان، مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں برانڈ ایمبیسڈر تعینات کر رکھا ہے۔
اسمار کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ ’واحد پاکستانی‘ ہیں جن کی تصویر عالمی میگزین نیشنل جیو گرافک نے اپنی ویب سائٹ کے فرنٹ کور پر لگائی ہے۔
ایبٹ آباد سے انجینئیرنگ میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد 2008 میں اسمار نے فوٹوگرافی کا آغاز کیا۔ وہ گذشتہ 16 برس سے شوقیہ طور پر فوٹو گرافی کر رہے ہیں اور اس شوق کی تکمیل کی خاطر وہ پاکستان کے کونے کونے میں سفر کرتے ہیں اور زیادہ تر ٹریولنگ فوٹوگرافی اور سٹریٹ فوٹو گرافی کرتے ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسمار حسین بلوچ کا کہنا تھا کہ ’میری والدہ مجھے کہتی تھیں کہ آپ پورے پاکستان میں سفر کرتے ہیں تو ان جگہوں کی تصاویر ہمیں بھی دکھایا کریں، سو یوں میں نے فوٹوگرافی کی ابتدا کی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اسمار کی تصاویر کو پاکستانی کلچر اور ٹورزم کو فروغ دینے کے لیے جرمنی، بیلاروس، میسیکو، اور متحدہ عرب امارات سمیت 15 سے زائد ممالک میں نمائش کے لیے پیش ہو چکی ہیں، جہاں انہیں کئی ایوارڈز بھی ملے۔
گذشتہ برس سکردو کے کٹپنا ڈیزرٹ میں خزاں کے موسم میں بنائی گئی ان کی تصویر دنیا بھر میں ایک لاکھ سے زائد تصاویر میں پہلی پانچ بہترین تصاویر میں شمار ہوئی، جس پر انہیں سال کے بہترین فوٹو گرافر کا ایوارڈ ملا۔
اس کے علاوہ انہیں بیسٹ مائونٹین فوٹو گرافر، صوبائی بہترین لینڈ سکیپ فوٹو گرافر، نیشنل ایوارڈ، پہاڑوں کے عالمی دن کے موقعے پر پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے بہترین فوٹو گرافر کے ایوارڈ شامل ہیں۔
روس میں ہونے والے 35 ایوارڈ ونر 2023 میں ان کی چار تصاویر کو ایوارڈز ملے۔
اسمار حسین بلوچ کا انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ 2022 کے دوران ڈی آئی خان کو بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑا ،کئی گھر ڈوب گئے فصلیں تباہ ہو گئیں تو انہوں نے اپنے دو دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کے اپنی تصاویر تک فروخت کر دیں اور ان کی آمدن سے 20 بیواوں کو گھر بنا کر دیے۔
اسمار حسین بلوچ پاکستان میں نوجوان نسل کو جدید فوٹو گرافی کی تعلیم دینے کے لیے کالج اور یونیورسٹی میں جا کر سونی کارپوریشن کے تعاون سے مفت ورکشاپس اور ٹریننگ کا اہتمام بھی کرتے ہیں تاکہ جدید دور کی فوٹو گرافی کو پاکستانی طلبہ بھی سیکھیں اور دنیا بھر میں اپنا نام پیدا کریں۔
پاکستان بھر میں اسمار حسین بلوچ مختلف تعلیمی درس گاہوں میں 50 سے زائد ورکشاپس کر چکے ہیں۔
بقول اسمار ایک اچھی تصویر لینے کے لیے سب سے اہم چیز لائٹ ہے اور اور پھر کمپوزیشن، اچھی تصویر بنانے کے لیے فریمنگ، لائٹ اور کموزیشن اگر ٹھیک ہو گی تو وہ تصویر ایوارڈ وننگ بھی ثابت ہو سکتی ہے۔