برطانیہ کی حکومت نے پہلی بار ایک خاتون بلیز میٹریویلی کو ملک کے خفیہ ادارے (ایم آئی 6) کی سربراہ مقرر کیا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے اتوار کو اپنے اعلان میں کہا کہ ملک کو جن ’خطرات کا سامنا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔‘
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانوی ایم آئی 6 سیکرٹ انٹیلی جنس سروس (ایس آئی ایس) کو ایئن فلیمنگ کے افسانوی ایجنٹ جیمز بانڈ کی بدولت عالمی شہرت ملی۔
ڈاؤننگ سٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق میٹرولی ایم آئی 6 کی 18 ویں سربراہ ہوں گی۔
وزیر اعظم سٹارمر نے کہا کہ ’بلیز میٹریویلی کی تاریخی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ہماری انٹیلی جنس سروسز کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’برطانیہ کو ایسے پیمانے پر خطرات کا سامنا ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ چاہے وہ دشمن ہوں جو اپنے جاسوس بحری جہاز ہمارے پانیوں میں بھیجتے ہیں یا ہیکرز ہوں جو اپنے جدید سائبر حملوں کے ذریعے ہماری عوامی خدمات کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایم آئی 6 کا سربراہ تنظیم کی واحد رکن ہوتا جس کا نام عام کیا جاتا ہے اور وہ براہ راست وزیر خارجہ کو رپورٹ کرتا ہے۔
اس عہدے پر فائز شخص کو ’سی‘ کہا جاتا ہے، جیسے جیمز بانڈ فلمی سیریز میں ’ایم‘ کہا جاتا ہے۔ ایک خاتون، جوڈی ڈینچ پہلے ہی اس کردار میں نظر آ چکی ہیں۔
میٹرولی رواں سال خزاں میں ایم آئی 6 کے موجودہ سربراہ رچرڈ مور کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گی۔
حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت وہ ایم آئی 6 کی ڈائریکٹر جنرل ہیں جنہیں ’کیو‘ کہا جاتا ہے اور سروس میں ٹیکنالوجی اور جدت کی ذمہ داری سنبھال رہی ہیں۔
انہیں ایک پیشہ ور انٹیلی جنس افسر قرار دیا گیا ہے جنہوں نے 1999 میں سروس میں شمولیت اختیار کی، اس سے قبل وہ کیمبرج یونیورسٹی سے بشریات کی تعلیم حاصل کر چکی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ میٹریویلی نے ایم آئی 6 اور ملکی خفیہ ادارے ایم آئی فائیو دونوں میں اعلیٰ عہدوں پر کام کیا، اور اپنے زیادہ تر کیریئر میں مشرق وسطیٰ اور یورپ میں عملی ذمہ داریاں نبھائیں۔ بیان میں اس ضمن میں مزید ذاتی تفصیلات بیان میں نہیں دی گئیں۔
یہ تقرری اس وقت کی گئی ہے جب ایم آئی فائیو نے تین دہائیوں سے زائد عرصہ قبل اپنی پہلی خاتون سربراہ مقرر کی۔
سٹیلا رمنگٹن نے 1992 سے 1996 تک یہ عہدہ سنبھالا، اس کے بعد 2002 سے 2007 تک ایلیزا مین نگم بلر یہ ذمہ داری انجام دیتی رہیں۔
برطانوی انٹیلی جنس اور سکیورٹی ادارے جی سی ایچ کیو نے بھی 2023 میں پہلی بار این کیسٹ بٹلر کو اپنی سربراہ مقرر کیا۔