کیمبرج امتحانات: پیپر لیکس کے بعد طلبہ کو بغیر فیس ریٹیک کی سفارش

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کی ایک ذیلی کمیٹی نے کیمبرج انٹرنیشنل کی جانب سے رواں سال تین پرچوں کے افشا سے متعلق ابتدائی تحقیقات اور اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔

29 مارچ، 2018 کو سوات کے ایک سکول میں طلبہ امتحان دے رہے ہیں (اے ایف پی)

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کی ایک ذیلی کمیٹی نے پیر کو کیمبرج انٹرنیشنل کی جانب سے رواں سال تین پرچوں کے افشا سے متعلق ابتدائی تحقیقات اور اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔

او اور اے لیول کے متعدد پرچوں کے مبینہ افشا کا معاملہ قائمہ کمیٹی کے سامنے اٹھایا گیا تھا، جس نے معاملے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
 
کیمبرج انٹرنیشنل نے گذشتہ جمعرات کو ایک پریس ریلیز میں بتایا تھا کہ جون 2025 میں امتحانی پرچے لیک ہونے کی زیادہ تر رپورٹس ’جھوٹی‘ نکلیں، تاہم تین کیسز میں بدعنوانی کے کچھ معتبر ثبوت ملے ہیں۔

پریس ریلیز کے مطابق ان کی امتحانی سکیورٹی ٹیم نے ہر اس الزام اور ہر تشویش کی چھان بین کی، جو انہیں جون 2025 میں موصول ہوئیں۔

ہیڈ آف کیمبرج پاکستان عظمیٰ یوسف نے آج ذیلی کمیٹی سے ملاقات میں جون 2025 کی امتحانی سیریز کے دوران تین پرچوں کے افشا (لیک) سے متعلق اپنی ابتدائی تحقیقات اور اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔
 
کمیٹی نے رپورٹ اور سفارشات کو تسلی بخش قرار دیا اور متاثرہ طلبہ کے مفاد میں کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ 
 
کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ جن سوالات کے پیپرز لیک ہوئے، ان کے نمبر شمار نہ کرنے کا فیصلہ کم نقصان دہ ہے اور طلبہ کے مفاد میں ہے۔

کمیٹی نے سفارش کی کہ متاثرہ طلبہ کو اکتوبر/نومبر 2025 سیشن میں بغیر کسی اضافی فیس کے ریٹیک کا موقع دیا جائے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کیمبرج کی جانب سے پاکستان میں سرگرمیوں کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں، جن کے مطابق ملک بھر میں 800 سکول کیمبرج سے منسلک ہیں اور جون 2025 میں پاکستان سے مجموعی طور پر تین لاکھ 78 ہزار امتحانی انٹریز ہوئیں۔ 

صرف AS & A لیول میں 44 ہزار طلبہ کی ایک لاکھ 28 ہزار انٹریز ہوئیں۔
 
عظمیٰ یوسف نے کمیٹی کو بتایا کہ کیمبرج کا مشن پاکستانی طلبہ کو عالمی مواقع کے لیے تیار کرنا ہے۔ ’ہم معیاری تعلیم اور شفاف امتحانات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں۔‘
 
کیمبرج کے مطابق پاکستان میں امتحانی فیس دنیا بھر میں سب سے کم ہے، جب کہ ادارے کو امتحانات کی منصفانہ گریڈنگ اور ڈلیوری میں 100 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ 
 
ادارہ اس وقت دنیا کے 160 ممالک میں 10 ہزار سکولوں کے ساتھ شراکت داری کر رہا ہے۔
 
کیمبرج نے شفاف امتحانی عمل کو یقینی بنانے اور مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات سے بچاؤ کے لیے اقدامات جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کیمپس