امیریکن ایئرلائنز کے ایک طیارے کو اس وقت اپنی روانگی کے ایئرپورٹ پر واپس لوٹنا پڑا، جب تجسس میں مبتلا ایک مسافر نے دوسرے مسافر کے موبائل پر آیا ہوا ایک پیغام دیکھا اور اس کا غلط مطلب سمجھ لیا۔
مقامی نیوز آؤٹ لیٹ ’پریمیرا ہورا‘ کے مطابق تین جولائی کو سان خوان، پورٹو ریکو سے روانہ ہونے والی ایک فلائٹ میں ایک مسافر نے دیکھا کہ دوسرے مسافر کو ایک پیغام موصول ہوا جس میں لکھا تھا ’آر آئی پی‘ جو عموماً ’ریسٹ ان پیس‘ یعنی ’خدا مغفرت کرے‘ کے لیے استعمال ہوتا ہے اور مرنے والوں کے لیے رائج ایک جملہ ہے۔
پورٹو ریکو کے دفتر برائے بارودی مواد اور عوامی تحفظ کے مطابق، جس مسافر نے وہ پیغام دیکھا، اُس نے مبینہ طور پر اسے پرواز کے لیے ایک خطرہ سمجھا۔
امیریکن ایئرلائنز کی پرواز 1847، جو سان خوان سے ڈیلاس جا رہی تھی، اپنے شیڈول کے مطابق روانہ ہوئی تھی، لیکن مسافر کی جانب سے پیغام کی نشاندہی کیے جانے کے بعد طیارہ ٹیک آف کے صرف 32 منٹ بعد سان خوان واپس لوٹ آیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پرواز کی واپسی کے بعد ایئرپورٹ سکیورٹی اور ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) نے جہاز کی مکمل تلاشی لی۔ اس کے بعد پیغام پر اعتراض کرنے والے مسافر سے بھی تفتیش کی گئی۔
جس مسافر کو وہ ٹیکسٹ میسج موصول ہوا تھا، ان سے بھی پورٹو ریکو کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پوچھ گچھ کی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ پیغام ان کے ایک عزیز کے انتقال پر بھیجا گیا تھا، جو پرواز سے ایک دن قبل وفات پا گئے تھے اور وہ آخری رسومات میں اپنے خاندان کی مدد کے لیے ڈیلاس جا رہے تھے۔
جانچ کے بعد، پرواز کو تقریباً صبح نو بجکر 40 منٹ پر دوبارہ روانگی کی اجازت دی گئی۔ اس طرح پرواز میں تقریباً ساڑھے تین گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔
تفتیش کے دوران تمام مسافروں کو طیارے میں ہی رہنا پڑا اور واقعے میں کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی۔
امیریکن ایئرلائنز نے یو ایس اے ٹوڈے کو واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طیارے کو مکمل طور پر چیک کرنے کے بعد اسے محفوظ قرار دے کر دوبارہ روانہ کیا گیا۔
ایرو سٹار ایئرپورٹ ہولڈنگز کے آپریشنز ڈائریکٹر، نیلمن نیواریز نے ایک بیان میں کہا: ’یہ ایک غلط فہمی تھی جسے حفاظتی ضوابط کے مطابق نمٹا گیا۔ پرواز یا اس کے مسافروں کے لیے کوئی حقیقی خطرہ موجود نہیں تھا۔‘
ایرو سٹار ایئرپورٹ ہولڈنگز سان خوان کے ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالتا ہے۔
ایئرلائن نے ایک بیان میں کہا: ’پرواز بحفاظت سان خوان ایئرپورٹ پر اتری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے طیارے کا معائنہ کرنے کے بعد اسے دوبارہ روانہ ہونے کی اجازت دی۔‘
مزید کہا گیا کہ ’حفاظت اور سکیورٹی ہماری اولین ترجیحات ہیں اور ہم اپنے مسافروں سے پیش آنے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہیں۔‘
© The Independent