انڈیا اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے اثرات اس وقت کرکٹ کے میدان پر بھی نظر آئے جب اتوار کو دونوں حریفوں کے درمیان ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں برمنگھم میں کھیلا جانے والا سابق کرکٹرز کا میچ منسوخ کر دیا گیا۔
کرکٹ ویب سائٹ ’ای ایس پی این کرک انفو‘ کے مطابق یہ فیصلہ شکھر دھون اور عرفان پٹھان سمیت کئی انڈین کرکٹرز کی جانب سے ’موجودہ سیاسی صورت حال اور دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ حالات‘ کے باعث شرکت سے انکار کے بعد کیا گیا۔
اپریل میں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی کشیدگی بڑھ گئی تھی، جس کے نتیجے میں کرکٹ بھی متاثر ہوئی اور عارضی طور پر آئی پی ایل اور پی ایس ایل کو معطل کرنا پڑا تھا۔
اگرچہ ڈبلیو سی ایل کے منتظمین نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے یہ میچ اس امید پر شیڈول کیا تھا کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم رواں سال انڈیا کا دورہ کرے گی اور حال ہی میں دونوں ملکوں کی سنوکر اور والی بال ٹیموں کے درمیان میچ منعقد ہو چکے ہیں، لیکن اگر اس میچ سے ’انڈین کرکٹ لیجنڈز کو کسی قسم کی تکلیف ہو‘ تو وہ اسے منسوخ کرتے ہیں۔
انڈیا چیمپیئنز اور پاکستان چیمپیئنز کے درمیان یہ میچ آج شام 4:30 بجے مقامی وقت کے مطابق (رات ساڑھے آٹھ بجے پاکستان کے وقت کے مطابق) برمنگھم میں ہونا تھا، جو اس ٹورنامنٹ کے چار میدانوں میں سے ایک ہے۔
میچ کے آغاز سے 18 گھنٹے قبل ڈبلیو سی ایل کے جاری بیان میں مزید کہا گیا ’ہم ڈبلیو سی ایل میں ہمیشہ کرکٹ سے محبت اور اس کی قدر کرتے آئے ہیں، اور ہمارا مقصد صرف شائقین کو خوشگوار لمحات دینا تھا۔
’جب ہمیں معلوم ہوا کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم اس سال انڈیا آ رہی ہے اور انڈیا و پاکستان کے درمیان حالیہ والی بال میچ کے ساتھ دیگر کھیلوں میں بھی مقابلے ہو رہے ہیں، تو ہم نے سوچا کہ ڈبلیو سی ایل میں بھی انڈیا بمقابلہ پاکستان میچ منعقد کیا جائے تاکہ دنیا بھر کے لوگوں کو کچھ خوشگوار یادیں دی جا سکیں۔
’لیکن شاید اس دوران ہم نے کچھ افراد کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی، خاص طور پر ہمارے انڈین کرکٹ لیجنڈز کو۔
’اس کے ساتھ ہم نے ان برانڈز کو بھی متاثر کیا جو خالصتاً کھیل سے محبت کے جذبے کے تحت ہمارا ساتھ دے رہے تھے، لہٰذا ہم نے انڈیا بمقابلہ پاکستان میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’ہم مخلصانہ طور پر معذرت خواہ ہیں کہ کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی اور امید کرتے ہیں کہ لوگ سمجھیں گے کہ ہمارا مقصد صرف شائقین کو خوشی دینا تھا۔‘
انڈیا پاکستان میچ منسوخ کیوں کیا گیا؟
پہلگام حملے کے بعد انڈیا اور پاکستان کے درمیان ایک مختصر فوجی جھڑپ ہوئی جو بعد میں جنگ بندی پر ختم ہوئی۔
ڈبلیو سی ایل میں شریک انڈیا چیمپیئنز سکواڈ کے کئی کھلاڑیوں نے ملک کے حق میں بیانات دیے۔
سکواڈ میں شامل شیکھر دھون کی ایکس پر پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے ساتھ لفظی جھڑپ ہوئی جس میں آفریدی نے پہلگام حملے کا الزام انڈیا پر لگایا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے علاوہ سکواڈ میں ہربھجن سنگھ اور یوسف پٹھان بھی شامل ہیں، جو موجودہ پارلیمنٹ کے رکن ہیں، اور یہی بات شائقین کو ناگوار گزری۔
19 جولائی کو رپورٹس آئیں کہ کئی انڈین کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔
شیکھر نے سب سے پہلے عوامی بیان دیا کہ وہ پاکستان کے خلاف نہ کھیلنے کے اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔
ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کے مالک کون ہیں؟
ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے منظور شدہ ایک ٹی 20 ٹورنامنٹ ہے لیکن اسے مکمل بین الاقوامی ٹی 20 درجہ حاصل نہیں۔
اس کے مالکان انڈین ریپر ہرشت تومر اور بالی وڈ اداکار اجے دیوگن ہیں۔
ڈبلیو سی ایل کا پہلا ایڈیشن 2024 میں ہوا تھا، جس میں انڈیا چیمپیئنز نے فائنل میں پاکستان چیمپیئنز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اس سال اب تک تین میچ ہو چکے ہیں جس کے پہلے میچ میں پاکستان چیمپیئنز نے انگلینڈ کو ہرایا، دوسرا ویسٹ انڈیز اور ساؤتھ افریقہ چیمپیئنز کے درمیان برابر رہا جبکہ تیسرا میچ انگلینڈ اور آسٹریلیا چیمپیئنز کے درمیان بارش کے باعث منسوخ ہو گیا۔
2025 کے باقی میچ فی الحال شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔