پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز جیت لی

فلوریڈا میں جاری ٹی 20 سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 190 رنز کا ہدف دے دیا تھا۔

پاکستانی کھلاڑی 3 اگست 2025 کو امریکہ کے شہر لاڈرہل ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے میچ میں کامیابی کے بعد ٹرافی کے ساتھ جشن مناتے ہوئے (اے ایف پی)

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں 13 رنز سے شکست دے کر ٹی 20 سیزیز دو ایک سے اپنے نام کر لی۔

مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز ٹیم چھ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا سکی۔

میزبان ٹیم نے ابتدا میں جارحانہ کھیل پیش کیا اور دونوں اوپنرز نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے پاکستانی بولرز کو دباؤ میں  رکھا۔

اوپنر الک اتھنیز نے 40 گیندوں میں 60 رنز بنائے جب کہ شرفین ردر فورڈ نے بھی 35 گیندوں پر 51 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کو مضبوط آغاز فراہم کیا لیکن وفقے وقفے سے گرنے والی وکٹوں سے ٹیم کا مومینٹم ٹوٹتا گیا اور آخری اوورز میں کھیل کا پانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ گیا۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی، محمد نواز، حارث رؤف، صائم ایوب اور صفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل فلوریڈا کے شہر لاڈرہل میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 190 رنز کا ہدف دے دیا تھا۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد پاکستان نے جارحانہ آغاز کیا اور اوپنرز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے ویسٹ انڈیز کے باؤلنگ اٹیک پر بھرپور حملہ کیا اور پاور پلے کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے سکور 47 پر پہنچا دیا۔

دونوں بلے بازوں نے ففٹیز مکمل کیں اور تسلط قائم رکھتے ہوئے سیریز جیتنے کے لیے ہدف کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

فرحان نے 11ویں اوور میں اپنی تیسری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نصف سنچری مکمل کی، اس وقت ٹیم کا سکور 88 تھا۔

صائم ایوب بھی جلد ہی اپنی تیسری نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے اور 13ویں اوور میں پاکستان کا سکور بغیر کسی نقصان کے 100 رنز کی اوپننگ شراکت کے ساتھ 108 تک پہنچا دیا۔

ویسٹ انڈیز کو پہلا کامیاب بریک تھرو 17ویں اوور میں حاصل ہوا جب پیسر شامر جوزف نے فرحان کو 74 رنز پر آؤٹ کر کے پاکستان کی پہلی وکٹ حاصل کی۔

اس کے بعد حسن نواز نے صائم کا ساتھ دیا اور صرف سات گیندوں پر 15 رنز، جن میں دو چھکے بھی شامل تھے، بنا کر رومن چیس کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اگلے اوور میں محمد حارث صرف دو رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔

صائم ایوب کی شاندار اننگز کا اختتام 19ویں اوور میں جیسن ہولڈر نے کیا، وہ 49 گیندوں پر 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ اس وقت ٹیم کا سکور 170رنز تھا جبکہ چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ 

آخری اوور پاکستان کے لیے فائدہ مند رہا جس میں خوشدل شاہ چھ گیندوں پر 11 اور فہیم اشرف صرف تین گیندوں پر 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس میچ میں پاکستان نے دو تبدیلیاں کیں، خوشدل شاہ اور حارث رؤف کو فخر زمان اور شاہین آفریدی کی جگہ شامل کیا گیا جب کہ ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی والے سکواڈ کو برقرار رکھا۔

وزیر اعظم کی قومی کرکٹ ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز جیتنے پر مبارک باد دی۔

وزیر اعظم کی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور ٹیم منیجمنٹ  کو بھی جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ ٹیم ورک اور محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے اور مجھے امید ہے کہ ٹیم مزید محنت اور یکسو ہو کر آنے والے میچز کے لیے تیاری کرے گی اور کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ