جیسن ہولڈر نے اتوار کو فلوریڈا میں دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کی آخری گیند پر شاندار چوکا مار کر ویسٹ انڈیز کو پاکستان کے خلاف ایک سنسنی خیز مقابلے میں دو وکٹوں سے فتح دلا دی۔
اس سے قبل ہولڈر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں اور ویسٹ انڈیز کے لیے سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی وکٹیں لینے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
ان کے کیریئر کی مجموعی وکٹوں کی تعداد 81 ہو گئی ہے، جو ڈیوین براوو کے سابقہ ریکارڈ 78 سے زیادہ ہے۔
ویسٹ انڈیز نے آج کرکٹ کے مختصر فارمیٹ میں اپنی مسلسل چھ شکستوں کی مایوس کن لڑی کو توڑ دیا۔ اس سے قبل انہیں آسٹریلیا کے خلاف پچھلے مہینے پانچ- صفر کی شکست ہوئی تھی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 133 رنز بنائے۔ حسن نواز نے چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 40 رنز بنائے جبکہ کپتان آغا سلمان نے ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 38 رنز سکور کیے۔
ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے 134 رنز کا ہدف ملا۔ گُڈا کیش موتی نے 28 رنز کے ساتھ ویسٹ انڈیز کی اننگز کو سہارا دیا لیکن 17ویں اوور کی پہلی گیند پر محمد حارث نے انہیں رن آؤٹ کر دیا، اس وقت سکور 96 رنز پر چھ کھلاڑی آؤٹ تھا۔
اسی اوور میں حارث نے کیسی کارٹی کو صفر پر کیچ آؤٹ کر لیا، لیکن ہولڈر نے 18ویں اوور کے اختتام پر ایک چھکا مارا جس کے بعد ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے مزید 24 رنز درکار تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
19ویں اوور میں روماریو شیفرڈ نے حسن علی کو ایک چھکا اور ایک چوکا مارا اور سکور 126 تک پہنچ گیا۔
آخری اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے ہولڈر کو ایک رن دیا، پھر شیفرڈ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
نئے بلے باز شمر جوزف نے ایک رن لیا، جس کے بعد تین گیندوں پر چھ رنز درکار تھے۔
ہولڈر اور جوزف نے ایک، ایک رن لے کر بقیہ سکور کو تین رنز تک پہنچا دیا، پھر شاہین نے ہولڈر کے خلاف ایک وائیڈ گیند پھینکی اور آخری گیند پر ہولڈر نے چوکا مار کر ٹیم کو فتح دلا دی۔
پاکستان نے اس سے قبل جمعرات کو کھیلے گئے پہلے میچ میں 14 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔