سیم آلٹ مین کے مصنوعی ذہانت کے ماڈل نے ایلون مسک کے ماڈل گروک کو شطرنج ٹورنامنٹ میں شکست دے دی۔ یہ مصنوعی ذہانت کے بڑے نظاموں کے درمیان اپنی طرز کا پہلا مقابلہ تھا۔
اوپن اے آئی کے او تھری ماڈل نے جمعرات کو منعقدہ کیگل اے آئی ایگزیبشن ٹورنامنٹ کے فائنل میں ایکس اے آئی کے گروک فور کو چار صفر کی شاندار کارکردگی کے ساتھ شکست فاش سے دوچار کیا۔ دونوں ماڈلز اپنے حریفوں انتھروپک، ڈیپ سیک، گوگل اور مون شاٹ اے آئی کو شکست دے کر فائنل میں پہنچے۔
یہ مقابلہ ذاتی اعتبار سے بھی اہمیت کا حامل تھا، کیوں کہ آلٹ مین اور مسک نے ایک دہائی قبل اوپن اے آئی کی مشترکہ بنیاد رکھی، جس کے بعد مسک نے ذاتی حریف اے آئی کمپنی ایکس اے آئی قائم کرنے کے لیے ادارہ چھوڑ دیا۔
اس کے بعد سے ان کے تعلقات ختم ہو چکے ہیں اور اب اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سیم آلٹ مین نے اپنے سابق دوست کو اس وقت ’دھونس جمانے والا‘ قرار دیا، جب مسک نے چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی کو خریدنے کی ناکام کوشش کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شطرنج کے ٹورنامنٹ میں گروک فور کی کارکردگی کے جواب میں مسک نے کہا کہ اس اے آئی ماڈل کی صلاحیت ’ضمنی اثر‘ ہے۔
انہوں نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’ایکس اے آئی نے شطرنج پر تقریباً کوئی محنت نہیں کی۔‘
کمپیوٹرز 1997 سے شطرنج میں بہترین انسانی کھلاڑیوں کو شکست دینے کے قابل ہیں، جب آئی بی ایم کے ڈیپ بلیو سپر کمپیوٹر نے اس وقت کے عالمی چیمپیئن گیری کسپاروف کو چھ میچوں کی سیریز میں ہرا دیا۔
اس کے بعد گوگل کے ڈیپ مائنڈ نے ایسے اے آئی پروگرام تیار کیے ہیں، جو شطرنج اور ’گو‘ جیسے دیگر کھیل خود سیکھ کر ماورائے انسانی سطح پر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ پہلا بڑا ٹورنامنٹ ہے جس میں عمومی مقاصد کے بڑے لسانی ماڈلز (ایل ایل ایمز) کو آزمایا گیا جو 2022 میں اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی کے آغاز کے بعد سے مقبول ہوئے۔
’ٹیک ٹیک ٹیک‘ کے سی ای او اور شریک بانی، میٹس آندرے کرس ٹنسن نے دی انڈپینڈنٹ کو بتایا: ’کسپاروف بمقابلہ ڈیپ بلیو 90 کی دہائی میں ایک بڑا نظارہ تھا۔ اس ٹورنامنٹ سے اہم بات یہ ہے کہ ہم مزید سمجھیں کہ یہ مصنوعات کیسے سوچتی اور استدلال کرتی ہیں۔‘
جولائی میں موجودہ عالمی نمبر ایک شطرنج کھلاڑی میگنس کارلسن نے چیٹ جی پی ٹی کو ایک آن لائن شطرنج میچ میں اپنا کوئی مہرہ گنوائے بغیر شکست دی۔
گروک اور او تھری کے درمیان فائنل میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کارلسن نے اندازہ لگایا کہ گروک کی ریٹنگ تقریباً 800 ہے جب کہ اوپن اے آئی کے ماڈل کی ریٹنگ تقریباً 1200 ہے۔
موازنہ کرنے کے لیے کارلسن کی سب سے زیادہ ریٹنگ 2882 ہے۔ ایکس پر ایک صارف نے جب براہ راست پوچھا تو گروک نے اپنی ریٹنگ تقریباً 1600 سے 1800 کے درمیان بتائی۔
© The Independent