امریکہ نے بدھ کو انڈین مصنوعات پر 50 فیصد ڈیوٹی نافذ کر دی ہے، جو کہ موجودہ ڈیوٹی سے دوگنا زیادہ ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کی مہم کے حصے کے طور پر توانائی کی خریداری کے معاملے میں انڈیا پر دباؤ بڑھایا ہے، جو یوکرین میں روس کی جنگ کے لیے آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
ان اقدامات کی وجہ سے امریکہ اور انڈیا کے تعلقات کشیدہ ہیں اور یہ نئی دہلی کو بیجنگ کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر بنانے کی ایک نئی وجہ فراہم کرتے ہیں۔
اگرچہ ٹرمپ نے جنوری میں صدارت سنبھالنے کے بعد اتحادیوں اور حریفوں دونوں پر نئے ٹیکس عائد کیے ہیں، یہ 50 فیصد ٹیکس امریکہ کے تجارتی شراکت داروں پر عائد ہونے والے سب سے زیادہ ٹیکسوں میں سے ایک ہے۔
تاہم، کچھ شعبوں کے لیے استثنیٰ برقرار رکھا گیا ہے جنہیں الگ الگ ٹیکسوں کا سامنا ہو سکتا ہے، جیسے کہ ادویات اور کمپیوٹر چپس۔
ٹرمپ انتظامیہ نے ان اور دیگر شعبوں میں تحقیقات شروع کی ہیں جو مزید ڈیوٹیز کی صورت میں نتیجہ خیز ہو سکتی ہیں۔ اس فہرست میں اسمارٹ فونز بھی شامل ہیں۔
جن صنعتوں پر پہلے ہی ٹیکس لگایا جا چکا ہے، جیسے کہ سٹیل، ایلومینیم اور گاڑیاں، انہیں ان ملک گیر ڈیوٹیوں سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
2024 میں امریکہ انڈیا کا سب سے بڑا برآمد کنندہ تھا، جس کی مالیت 87.3 ارب ڈالر تھی۔
لیکن تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ 50 فیصد ڈیوٹی ایک تجارتی پابندی کے مترادف ہے اور اس سے چھوٹے کاروباروں کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔
کپڑے، سمندری غذا اور زیورات کے انڈین برآمد کنندگان نے پہلے ہی یہ اطلاع دی ہے کہ امریکہ سے ان کے آرڈر منسوخ ہو گئے ہیں اور وہ بنگلہ دیش اور ویتنام جیسے حریف ممالک کے مقابلے میں اپنے کاروبار میں نقصان کا سامنا کر رہے ہیں، جس سے بڑی تعداد میں ملازمتوں کے خاتمے کا خدشہ پیدا ہو رہا ہے۔
’اعتماد میں کمی‘
نئی دہلی نے واشنگٹن کے اس اقدام کو ’غیر منصفانہ، بلاجواز اور غیر معقول‘ قرار دیا ہے۔
دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت اس دھچکے کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، وزیر اعظم نریندر مودی نے یوم آزادی کے موقع پر اپنی سالانہ تقریر میں شہریوں پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
مودی نے اس سے پہلے خود انحصاری کا عہد بھی کیا تھا اور اپنے ملک کے مفادات کا دفاع کرنے کا عہد کیا تھا۔
وزارت خارجہ نے پہلے کہا تھا کہ انڈیا نے روس سے تیل کی درآمد شروع کر دی تھی کیونکہ روس کے یوکرین پر حملے کے باعث روایتی سپلائیز یورپ منتقل ہو گئی تھیں۔
اس نے بتایا کہ واشنگٹن نے اس وقت عالمی توانائی منڈی میں استحکام کو مضبوط کرنے کے لیے ایسی درآمدات کی حوصلہ افزائی کی تھی۔
2024 میں انڈیا کی کل خام تیل کی درآمدات کا تقریباً 36 فیصد حصہ روس کا تھا۔ روسی تیل خریدنے سے انڈیا کو درآمدی اخراجات میں اربوں ڈالر کی بچت ہوئی، جس سے ملک میں تیل کی قیمتیں نسبتا مستحکم رہیں۔ لیکن ٹرمپ انتظامیہ بدھ کی ڈیڈ لائن کے پیش نظر اپنے ڈیوٹی کے منصوبوں پر قائم رہی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ٹرمپ کے تجارتی مشیر پیٹر نیووارو نے گذشتہ ہفتے صحافیوں سے کہا کہ ’انڈیا خونریزی میں اپنا کردار تسلیم کرنے کی کوشش نہیں کر رہا۔‘
نیووارو نے چینی صدر کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا: ’یہ شی جن پنگ کے ساتھ میل جول بڑھا رہا ہے۔‘
ایشیا سوسائٹی پالیسی انسٹیٹیوٹ کی سینئر نائب صدر وینڈی کٹلیر نے اے ایف پی کو بتایا: ’ٹرمپ کی ٹیکس کی کہانی میں سب سے تشویش ناک بات یہ ہے کہ انڈیا ایک وقت میں تجارتی معاہدے کے لیے بہترین امیدوار سے اس ملک میں تبدیل ہو گیا ہے جس پر امریکہ نے اپنے تجارتی شراکت داروں میں سب سے زیادہ ڈیوٹیز عائد کی ہیں۔‘
کٹلر، جو کہ سابق امریکی تجارتی عہدیدار ہیں، نے کہا کہ انڈیا نے تجارتی معاملات پر سخت رویے کی تاریخ کے باوجود اصلاحات کی ہیں اور اپنے دروازے کھولے ہیں
لیکن ٹرمپ کے تیز ٹیکسوں کے ساتھ ان رجحانات پر سوالات اٹھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا: ’زیادہ ڈیوٹیز نے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد تیزی سے کم کر دیا ہے، جسے بحال ہونے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔‘
ٹرمپ نے ٹیکسوں کا استعمال ان سب معاملات کو حل کرنے کے لیے کیا ہے جنہیں واشنگٹن غیر منصفانہ تجارتی طریقوں یا تجارتی خسارے کے طور پر دیکھتا ہے۔
امریکہ کے تجارتی خسارے ٹرمپ کی جانب سے زیادہ ڈیوٹیز کے نفاذ کے لیے ایک اہم جواز تھے، جو اگست کے شروع میں درجنوں معیشتوں پر عائد کیے گئے تھے، جس میں یورپی یونین سے انڈونیشیا تک کے شراکت دار شامل ہیں۔
لیکن 79 سالہ ریپبلکن نے خاص طور پر برازیل جیسے مخصوص ممالک کو بھی نشانہ بنایا ہے، جہاں سابق صدر جائیر بولسونارو پر بغاوت کی سازش کرنے کا الزام ہے۔
امریکہ نے اس ماہ برازیل کی کئی مصنوعات پر ڈیوٹیز کو 50 فیصد تک بڑھا دیا ہے، مگر اس کے ساتھ وسیع استثنیٰ بھی رکھا گیا ہے۔