سعودی عرب کو ایک ابھرتی ہوئی عالمی سیاحتی منزل کے طور پر اجاگر کرنے اور پاکستانی سیاحوں کے لیے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے بدھ کو کراچی میں سعودی ٹورزم اتھارٹی اور بخاری ٹریول اینڈ ٹورازم سروسز کے اشتراک سے ایک اعلیٰ سطحی روڈ شو کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں ٹریول اور سیاحتی صنعت کے ماہرین، ایئر لائنز، کارپوریٹ سیکٹر، میڈیا نمائندگان اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں سعودی عرب کی مختلف سیاحتی خصوصیات پیش کی گئیں، جن میں اسلامی ورثہ، ثقافتی و تاریخی مقامات، تفریحی اور ساحلی مقامات، کارپوریٹ و تعلیمی سیاحت، کھیلوں کی سرگرمیاں اور وژن 2030 کے تحت جاری منصوبے شامل تھے۔
چیئرمین بخاری گروپ آف کمپنیز محمد رفیق خان کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعلقات خوش آئند ہیں۔
ان کا کہنا تھا ’یہ اقدام نہ صرف تجارتی، ثقافتی اور سیاحتی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کو بھی مزید مضبوط بنائے گا۔‘
سعودی ٹورزم اتھارٹی کی کنٹری مینیجر صوفیہ التاور نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب تیزی سے عالمی سیاحت کا مرکز بن رہا ہے اور پاکستانی مارکیٹ اس حکمت عملی میں ایک اہم شراکت دار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بخاری ٹریول اینڈ ٹورازم سروسز کے ساتھ تعاون سعودی عرب کی سیاحت کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
تقریب میں شریک مراکش کے قونصل جنرل اشتیاق بیگ نے کہا کہ سعودی عرب، جو طویل عرصے تک صرف مذہبی زیارات کے حوالے سے پہچانا جاتا تھا، اب وژن 2030 کے تحت جدید اور ہمہ جہت سیاحتی مقام کے طور پر ابھر رہا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کے مطابق ریاض، جدہ، نیوم اور العلا جیسے شہروں میں تاریخی ورثہ، فطری حسن اور جدید سہولیات نے دنیا بھر کے سیاحوں کو متوجہ کیا ہے۔
شوبز سے تعلق رکھنے والی عروج ملک نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے انہیں سعودی عرب میں موجود تفریحی اور سیاحتی امکانات کا اندازہ ہوا اور وہ جلد ہی العلا کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
ٹریول انڈسٹری سے وابستہ نائلہ کیفری نے بھی اس اشتراک کو پاکستانی سیاحوں کے لیے ایک سنہری موقع قرار دیا تاکہ وہ سعودی عرب کے نئے پہلوؤں کو قریب سے دیکھ سکیں۔
روڈ شو کے اختتام پر نیٹ ورکنگ سیشنز، پریزنٹیشنز اور تبادلہ خیال کا اہتمام کیا گیا جس نے شرکا پر مثبت اور دیرپا اثرات چھوڑے۔
اس موقعے پر دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیاحت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط اور مربوط بنایا جائے گا۔