امریکہ میں 250 ڈالر کی نئی ویزا فیس سے ٹریول انڈسٹری مزید دباؤ کا شکار

اس اضافی رقم کے بعد ویزا فیس بڑھ کر 442 ڈالر ہو گئی ہے جو دنیا کی بلند ترین وزیٹر فیسز میں شمار کی جاتی ہے۔

29 اگست 2025 کو نیویارک ایئر پورٹ پر لوگ ٹرمینل 5 سے گزر رہے ہیں (اے ایف پی)

امریکہ نے غیر ملکی مسافروں پر 250 ڈالر کی نئی ’ویزا انٹیگریٹی فیس‘ عائد کر دی ہے جو یکم اکتوبر سے نافذ ہو گی۔ اس فیصلے سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پہلے ہی دباؤ کا شکار عالمی ٹریول انڈسٹری مزید مشکلات سے دوچار ہو جائے گی۔

امریکی حکومت کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جولائی میں امریکہ آنے والے غیر ملکی مسافروں کی تعداد سالانہ بنیادوں پر 3.1 فیصد کم ہو کر ایک کروڑ 92 لاکھ رہ گئی۔ یہ رواں سال کا پانچواں مہینہ ہے جب سیاحوں کی آمد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ حالانکہ توقع کی جا رہی تھی کہ 2025 میں غیر ملکی مسافروں کی تعداد کرونا وبا سے پہلے کی سطح، یعنی سات کروڑ 94 لاکھ کو عبور کر لے گی۔

نئی فیس ان مسافروں کے لیے بڑی رکاوٹ ہو گی جو میکسیکو، برازیل، ارجنٹائن، چین اور انڈیا جیسے ممالک سے آتے ہیں۔ اس اضافی رقم کے بعد ویزا فیس بڑھ کر 442 ڈالر ہو گئی ہے جو دنیا کی بلند ترین وزیٹر فیسز میں شمار کی جاتی ہے۔

امریکی ٹریول ایسوسی ایشن کے مطابق یہ نئی شرط سفر میں مزید رکاوٹ ڈالے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عالمی ٹریول کمپنی آلٹور کے صدر گیب ریزی نے کہا کہ ’مسافروں کے تجربے میں جتنی بھی رکاوٹیں ڈالی جائیں گی وہ سفر کی حوصلہ شکنی کریں گی۔ جیسے ہی گرمیوں کا موسم ختم ہوگا یہ مسئلہ زیادہ شدت اختیار کر جائے گا۔‘

ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کے اندازے کے مطابق امریکہ میں بین الاقوامی مسافروں کا خرچ اس سال 169 ارب ڈالر تک گرنے کا امکان ہے، جو 2024 میں 181 ارب ڈالر رہا تھا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ نئی فیس ٹرمپ دور کی پالیسیوں کے تسلسل کی عکاسی کرتی ہے جب امیگریشن قوانین کو سخت کرنے، غیر ملکی امداد میں کٹوتی اور ٹیرف بڑھانے سے امریکہ کی کشش بطور سیاحتی مقام کم ہو گئی تھی۔ حالانکہ اگلے چند برسوں میں امریکہ بڑے عالمی ایونٹس، جیسے 2026 فیفا ورلڈ کپ اور 2028 لاس اینجلس اولمپکس، کی میزبانی کرنے جا رہا ہے۔

سب سے زیادہ متاثر ممالک

رپورٹس کے مطابق اس فیصلے سے سب سے زیادہ وسطی اور جنوبی امریکی ممالک متاثر ہوں گے جہاں سے امریکہ آنے والے مسافروں کی تعداد میں رواں برس اضافہ دیکھا گیا۔ نیشنل ٹریول اینڈ ٹورازم آفس کے مطابق مئی تک میکسیکو سے امریکہ کا سفر 14 فیصد، ارجنٹائن سے 20 فیصد اور برازیل سے 4.6 فیصد بڑھا، تاہم یورپ اور چین سے آنے والے مسافروں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

انڈیا میں بھی نئی فیس کے باعث خدشہ ہے کہ امریکہ آنے والے مسافروں کی تعداد مزید کم ہو جائے گی۔ رواں برس طلبہ کی آمد میں پہلے ہی 18 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔

چینی ٹریول کمپنی مومنٹ ٹریول کے بانی سو شو نے کہا کہ ’اگر آپ کی مالی حیثیت مضبوط نہیں تو امریکہ کا ویزا لینا پہلے ہی مشکل ہے، اب یہ فیس مزید بوجھ بنے گی۔‘

ادھر امریکی ٹریول ایجنٹس کو تشویش ہے کہ اس فیصلے کے ردعمل میں دیگر ممالک امریکی مسافروں پر بھی سخت شرائط یا فیسیں عائد کر سکتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ