مشہور اطالوی فیشن ڈیزائنر جورجیو ارمانی جنہوں نے سادگی لیکن خوبصورتی کے تصور کو اربوں ڈالر کی فیشن سلطنت میں بدل دیا 91 سال کی عمر میں چل بسے ہیں۔
ان کے فیش ہاؤس نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق فیشن ہاؤس نے بتایا کہ ارمانی کی موت گھر پر ہی ہوئی۔
ارمانی، جو عالمی فیشن انڈسٹری کے سب سے زیادہ پہچانے جانے والے ناموں اور چہروں میں سے ایک تھے، جون 2025 میں میلان فیشن ویک سے پہلی بار غیر حاضر رہے۔ وہ نامعلوم عارضے میں مبتلا تھے۔
وہ رواں ماہ میلان فیشن ویک کے دوران اپنے مخصوص جورجیو ارمانی فیشن ہاؤس کے 50 سال مکمل ہونے کی خوشی منانے کے لیے بڑی تقریب کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔
ارمانی جنہوں نے آخر تک اپنی سلطنت اور کلیکشنز پر مضبوط گرفت قائم رکھی، جانشینی پر بات کرنے سے ہچکچاتے رہے لیکن انہوں نے ایک فاؤنڈیشن کے قیام کا اعلان کیا تھا تاکہ ان کے کاروبار تقسیم ہونے سے بچ سکیں۔
انہوں نے تخلیقی جانشینی کا اشارہ لیو ڈیل اورکو اور اپنی بھانجی سلوانا ارمانی کی طرف بھی کیا جو بالترتیب مردانہ اور زنانہ کلیکشنز کی سربراہی کرتی رہی ہیں جن میں جورجیو ارمانی، ایمپوریو ارمانی اور ارمانی ایکسچینج شامل ہیں۔
ایک بغیر استر کی جیکٹ، سادہ پتلون اور شہر میں نظر آنے والے رنگوں سے آغاز کرتے ہوئے، ارمانی نے 1970 کی دہائی کے آخر میں اطالوی ریڈی ٹو وئیر انداز کو عالمی فیشن نقشے پر رکھا۔
انہوں نے ایک ایسا ڈھیلا ڈھالا اور آسانی سے پہچانا جانے والا انداز تخلیق کیا جس نے ان کے فیشن ہاؤس کو نصف صدی تک آگے بڑھایا۔
انتظامی دفاتر سے لے کر ہالی وڈ کی سکرین تک، ارمانی نے امیر اور مشہور شخصیات کے لیے کلاسیکی انداز کی تراش خراش والے لباس تیار کیے۔ ان ملبوسات کے لیے نہایت نرم کپڑا اور دھیمے رنگوں کا انتخاب کیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کے دلکش بلیک ٹائی ملبوسات اور جگمگاتے ایوننگ گاؤن اکثر ایوارڈ سیزن کی ریڈ کارپٹس پر سب کی توجہ کا مرکز بنتے رہے۔
وفات کے وقت ارمانی کی فیشن ایمپائر کی مالیت 10 ارب ڈالر سے زیادہ ہے جس میں ملبوسات کے ساتھ ساتھ دیگر لوازمات، گھریلو سجاوٹ، پرفیوم، کاسمیٹکس، کتابیں، پھول اور حتیٰ کہ چاکلیٹس بھی شامل ہیں۔
فوربز میگزین کے مطابق اس ایمپائر نے انہیں دنیا کے 200 سرفہرست ارب پتیوں میں شامل کر دیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گذشتہ پانچ دہائیوں میں جورجیو ارمانی نے دنیا کے سب سے مشہور فیشن کاروباروں میں سے ایک قائم کیا۔ جمعرات کو ان کی موت کے اعلان نے لازمی طور پر ان کی کمپنی کے مستقبل کے بارے میں سوالات کھڑے کر دیے جس کی خودمختاری انہیں بہت عزیز تھی۔
جورجیو ارمانی اپنی کمپنی کے واحد بڑے شیئر ہولڈر تھے جو انہوں نے اپنے مرحوم ساتھی سرجیو گیلیوتی کے ساتھ مل کر قائم کی تھی۔
ان کی کوئی اولاد نہیں جو ان کے کاروبار کی وارث بن سکے جسے 2024 میں 2.3 ارب یورو (2.7 ارب ڈالر) کی آمدنی ہوئی۔
انتہائی باریک بین ارمانی نے وہ اقدامات بھی کیے تاکہ اس کاروبار میں تسلسل یقینی بنایا جا سکے جسے وہ اپنے قابل اعتماد خاندان کے افراد اور طویل عرصے سے ساتھ کام کرنے والے ساتھیوں کے نیٹ ورک کے ساتھ چلا رہے تھے۔
ان کی ایک چھوٹی بہن روزانا، دو بھانجیاں سلوانا اور روبیٹا، اور ایک بھانجا اینڈریا کیمرانا ہے۔ بھانجیاں اور بھانجا گروپ میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ ان کے قریبی ساتھی پانتالیو ڈیل اورکو کو بھی خاندان کا فرد سمجھا جاتا ہے، اور یہ سب پانچ افراد ان کی کمپنی کے ممکنہ وارث ہیں۔