فرانس میں سیاسی بحران: میکروں کو نئے وزیر اعظم کی تلاش

صدر میکروں کو 2017 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد اب تک سات وزرائے اعظم بدلنا پڑے ہیں جن میں سے پانچ صرف 2022 کے بعد تبدیل ہوئے۔

فرانس میں وزیر اعظم فرانسا بےرو  کی حکومت پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ ہارنے کے بعد برطرف کر دی گئی، جس نے  صدر ایمانویل میکروں کے لیے ایک نیا سیاسی بحران پیدا کر دیا ہے جنہیں ایک سال میں اب چوتھے وزیر اعظم کی تلاش ہے۔

پیر کی شام ہونے والے اعتماد کے ووٹ میں 364 فرانسیسی ارکان نے بےرو کے خلاف جب کہ صرف 194 نے ان کے حق میں ووٹ دیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ فیصلہ وزیر اعظم کے اس اقدام کے بعد آیا جب انہوں نے اپنے سخت بجٹ منصوبے کے لیے اعتماد کے ووٹ کی خود درخواست کی تھی۔

بجٹ منصوبے میں تقریباً 44 ارب یورو کی کٹوتی تجویز کی گئی تھی تاکہ فرانس کے بڑھتے ہوئے قرضوں کو قابو میں لایا جا سکے لیکن اس منصوبے کو ارکان پارلیمان نے نہ صرف غیر مقبول قرار دیا بلکہ اسے بےرو کے خلاف اجتماعی اقدام کا موقع بھی بناتے ہوئے ان کی حکومت گرا دی۔

74 سالہ بےرو، جو ایک اعتدال پسند سیاست دان ہیں، کو دسمبر 2024 میں صدر میکروں نے وزیر اعظم مقرر کیا تھا تاہم، ان کی اقلیتی حکومت محض نو ماہ سے بھی کم عرصے میں انجام کو پہنچی۔ آئینی طور پر اب انہیں اور ان کی کابینہ کو صدر کو استعفیٰ دینا ہوگا۔

سیاسی تعطل کا خطرہ

فرانسیسی سیاست میں یہ نیا بحران اس وقت سامنے آیا ہے جب ملک پہلے ہی بجٹ خسارے کے دباؤ، بڑھتے قرضوں اور بین الاقوامی سطح پر یوکرین اور غزہ کی جنگوں جیسے چیلنجز سے دوچار ہے۔ صدر میکروں کو اندیشہ ہے کہ پارلیمان میں بڑھتی تقسیم اور اپوزیشن کی طاقت قانون سازی کے عمل کو مزید مشکل بنا دے گی۔

ایوان زیریں کی سپیکر یا ایل براؤن پیویٹ نے واضح کیا کہ ’آئین کے آرٹیکل 50 کے تحت وزیرِاعظم کو اپنی حکومت کا استعفیٰ پیش کرنا ہوگا۔‘

نئے وزیر اعظم کی تلاش

فرانسیسی صدر کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ ایمانویل میکروں نے اعتماد کے ووٹ کے نتائج کو تسلیم کیا ہے اور وہ ’آنے والے دنوں میں‘ نئے وزیر اعظم کا اعلان کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ صدر منگل کو بےرو سے ملاقات میں ان کا استعفیٰ قبول کریں گے۔ بعض ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ نیا وزیر اعظم منگل کو ہی مقرر کیا جا سکتا ہے اور صدر کا قوم سے خطاب بھی خارج از امکان نہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اے ایف پی کے مطابق صدر میکروں کو 2017 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد اب تک سات وزرائے اعظم بدلنا پڑے ہیں جن میں سے پانچ صرف 2022 کے بعد تبدیل ہوئے۔

ستمبر 2024 میں گبریئل اٹال اور دسمبر میں مشیل بارنیے کی برطرفیوں کے بعد یہ تیسری مرتبہ ہے کہ چند ہی مہینوں میں وزیر اعظم کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔

صدر کے اختیارات برقرار

اگرچہ صدر میکروں کو اندرون ملک شدید دباؤ اور بار بار کی سیاسی رکاوٹوں کا سامنا ہے لیکن بطور صدر ان کے پاس اب بھی وسیع اختیارات موجود ہیں۔ وہ خارجہ پالیسی، یورپی معاملات اور فوج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے اہم فیصلوں پر اثرانداز رہیں گے۔ تاہم داخلی محاذ پر ان کے عزائم بار بار کی حکومتی تبدیلیوں اور بڑھتے سیاسی انتشار کی وجہ سے خطرے میں پڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ