پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو دبئی میں اتوار کو ایشیا کپ کے اہم میچ میں روایتی حریف انڈیا کے خلاف ’کھیل پر توجہ مرکوز‘ رکھنی چاہیے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں ٹیمیں مئی میں سرحدی جھڑپ کے بعد آمنے سامنے ہوں گی اور ماہرین کے مطابق میدان میں جذبات عروج پر ہوں گے۔
نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے کوچ نے جمعرات کو کہا ’میری نظر میں ہر بڑے میچ کی طرح یہ بھی وہی مرحلہ ہے کہ کھلاڑی اپنی توجہ صرف کھیل پر رکھیں، چاہے یہ ورلڈ ایونٹ کا فائنل ہو یا کوئی اور موقع۔ اسی پر ہم ویک اینڈ میں بھی زور دیں گے۔‘
آٹھ ملکوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ منگل کو افغانستان کی ہانگ کانگ پر 94 رنز کی فتح سے شروع ہوا، جب کہ انڈیا نے بدھ کو میزبان متحدہ عرب امارات کو نو وکٹوں سے شکست دی۔
پاکستان اپنی مہم کا آغاز جمعے کو عمان کے خلاف کرے گا، تاہم ساری نظریں دو دن بعد انڈیا کے خلاف میچ پر ہیں۔
ہیسن کے مطابق انڈیا اس وقت بجا طور پر پراعتماد ہے کیونکہ انہوں نے یو اے ای کو صرف 57 رنز پر ڈھیر کیا اور 4.3 اوورز میں میچ جیت لیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈیا نے پچھلے سال ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اپنے 21 میں سے 18 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان اس وقت مثبت انداز میں ایشیا کپ میں داخل ہو رہا ہے، کیونکہ حالیہ سہ فریقی سیریز (یو اے ای اور افغانستان کے ساتھ) میں جیت نے ٹیم کا اعتماد بڑھایا ہے۔
ہیسن نے کہا ’ہم دن بہ دن ٹیم کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں اور زیادہ آگے کی سوچ میں نہیں پڑ رہے۔‘
ایشیا کپ کے گروپ اے میں انڈیا، پاکستان، عمان اور یو اے ای شامل ہیں، جب کہ گروپ بی میں سری لنکا، افغانستان، ہانگ کانگ اور بنگلہ دیش۔
ہر گروپ کی دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی اور فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔